سائفر کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی بریت کا تحریری فیصلہ جاری کردیا گیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ عمران خان کی سائفر کیس میں سزا کے خلاف اپیل منظور کی جاتی ہے، ٹرائل کورٹ کا 30جنوری 2024 کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جاتا ہے، عمران خان کو آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت الزامات سے بری کیا جاتا ہے۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ عمران خان کے خلاف 15اگست 2023 کو آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہوا، ایف آئی اے کاؤنٹر ٹیررازم ونگ نے عمران خان کے خلاف مقدمہ درج کیا، عمران خان کسی اور مقدمے میں گرفتار نہیں تو رہا کیا جائے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ شاہ محمود قریشی کی سزا کے خلاف اپیل منظور کی جاتی ہے، ٹرائل کورٹ کا 30جنوری 2024 کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جاتا ہے، شاہ محمود قریشی کو آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت الزامات سے بری کیا جاتا ہے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ شاہ محمود کے خلاف 15 اگست 2023 کو آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہوا، ایف آئی اے کاؤنٹر ٹیررازم ونگ نے شاہ محمود قریشی کے خلاف مقدمہ درج کیا، شاہ محمود قریشی کسی اور مقدمے میں گرفتار نہیں تو رہا کیا جائے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کا کہنا ہے کہ اپیلیں منظور کرنے کی وجوہات تفصیلی فیصلے میں جاری کی جائیں گی۔