• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین سے آئی ٹی، مصنوعی ذہانت اور جدید زراعت میں اشتراک چاہتے ہیں، وزیراعظم


وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ انھوں نے اپنے دورے کا آغاز شینزن سے کیا، شینزن کی ترقی بالخصوص آئی ٹی کے شعبے کی ترقی سے سیکھنا ہے۔

وزیراعظم کے دورۂ چین کے دوران چینی کمیونسٹ پارٹی شینزن کے سربراہ مینگ فینلی نے وزیر اعظم سے ملاقات کی اور شینزن آنے پر خیرمقدم کیا، اس موقع پر انکا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان کی دوستی بہت مضبوط اور گہری ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے زرعی شعبے کی پیداوار اور زرعی برآمدات میں اضافے کےلئے کوشاں ہیں۔ چین کے ساتھ آئی ٹی، مصنوعی ذہانت اور جدید زراعت و دیگر شعبوں میں اشتراک چاہتے ہیں۔ 

وزیراعظم نے کہا امید کرتا ہوں شینزن میں پاکستانی طلبہ کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگا۔ 

وزیر اعظم نے کہا کہ وہ شینزن کی حکومت اور اس کےعوام کی مہمان نوازی پر مشکور ہیں۔ پاکستان اور چین کی دوستی ہمالیہ سے اونچی، سمندر جتنی گہری ہے۔ 

انھوں نے کہا ہرمشکل وقت میں چین کے تعاون پر چینی قیادت اور اس کے عوام کے مشکور ہیں۔ پاکستان چین کی ون چائنا پالیسی کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ شینزن لاہور کا سسٹر شہر اور گوانگڈونگ پنجاب کا سسٹرصوبہ ہے۔

مینگ فینلی نے کہا کہ شینزن کی حکومت اور شینزن کے لوگوں کے لیے آپ کی میزبانی اعزاز کی بات ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شینزن میں پاکستانی طلبہ کی بڑی تعداد زیرِ تعلیم ہے۔ 

چینی رہنما نے کہا کہ پاکستان اور شینزن کے درمیان تجارت کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ 

ملاقات کے بعد مینگ فینلی نے وزیراعظم اور پاکستانی وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔

قومی خبریں سے مزید