• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول بھٹو کا سندھ حکومت کی کارکردگی پر اظہار عدم اطمینان


بلاول بھٹو زرداری نے سندھ حکومت کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کو بہت مہینے ہوگئے، پانچویں بار جیتے ہیں، لیکن وزرا اور ارکان اسمبلی میں سستی نظر آرہی ہے، اب سے وزرا اور ارکان اسمبلی کام کرتے نظر آنے چاہئیں۔ کھلی کچہریاں لگائیں، صرف من پسند لوگوں سے نہیں، عوام سے رائے لیں۔

کراچی میں پیپلز پارٹی سندھ کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے کیسز سے عوام کو دلچسپی نہیں، وہ اپنے کیسز کا عدالتوں میں قانونی طور پر سامنا کریں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے وزراء محنت کریں تاکہ ان کا کام نظر آئے، اب ہمیں ٹرانسفر پوسٹنگ کی سیاست ختم کرنی ہوگی، ہر جگہ اچھے آفیسرز لگائیں تاکہ ہماری کارکردگی اور ڈیلیوری بہتر ہو۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ افسروں کی کارکردگی حکومت کی بدنامی کا سبب بنے تو ایم پی ایز ایکشن لیں، وزیراعلیٰ چیک کریں کہ وزراء وقت پر دفتر آرہے ہیں؟

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ کو اپنا 5 سالہ پلان سے آگاہ کردیا ہے، سولر بجلی کی فراہمی ہمارے پلان کا سب سے اہم حصہ ہے۔

چیئرمین پی پی پی نے یہ بھی کہا کہ ہم محدود وسائل سے کیسے ڈلیور کریں یہ سوچنا ہوگا، مجھے اپنے منتخب نمائندوں میں سستی نظر آرہی ہے، میں یہاں سستی ختم کرنے آیا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہم کھلی کچہری میں عوام کی رائے پر فیصلے لیں گے، آپ کو اپنے عوام کو وقت دینا ہوگا، میں نہیں سمجھتا آپ کو ترقیاتی اسکیم انتخابات جتواتی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جب ہم اپنی ٹیم کو ٹاسک دیتے ہیں اسے مکمل کرنے کا بھی وقت دیں، میں ہمیشہ ٹیم ورک کو سراہتا رہوں گا، ہم سیاست میں آئے ہیں تو غریب عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم اپنا وعدہ پورا کریں، امید ہے بجٹ سے پہلے مسائل حل ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کو اجاگر کرنا چاہیے اور ان کی آواز بننا چاہیے، 5 سال کے منصوبوں پر عمل درآمد ہونا پہلے نمبر پر ہے، مزدور کارڈ سے ہم بہت لوگوں کو فائدہ پہنچا سکتے ہیں۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ سیلاب میں 50 فیصد سندھ کے تعلیمی اداروں کو نقصان پہنچا ہے، وفاقی حکومت کی طرف سے پیسہ ملنا چاہیے، امید ہے بجٹ سے پہلے مسائل حل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ فوکس کرنا ہوگا محدود وسائل میں مسائل کیسےحل ہوں گے، الیکشن کو کئی ماہ گزر گئے، وزیراعظم شہباز شریف اپنا وعدہ پورا کریں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ میں دنیا کا سب سے بڑا ہاؤسنگ کا منصوبہ جاری ہے، وفاقی حکومت سے فنڈنگ نہ ہونے کی وجہ سے ہاؤسنگ منصوبہ تاخیر کا شکار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ریاستی پالیسی کی وجہ سے جرائم پیشہ افراد کے پاس جدید ہتھیار آگئے ہیں، سندھ پولیس پر پورا بھروسہ ہے، جس نے پہلے بھی دہشت گردوں کا مقابلہ کیا ہے، آپ سب نے مل کر دہشت گردی کو شکست دی ہے۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ عوام نفرت کی سیاست میں دلچسپی نہیں رکھتے، بانی پی ٹی آئی کے کیسز میں کیا ہو رہا ہے یہ عوام کا مسئلہ نہیں، بانی پی ٹی آئی کے کیسز عدالتوں میں ہیں اس کا قانونی طور پر سامنا کریں۔

قومی خبریں سے مزید