کراچی(اسٹاف رپورٹر) فیفا ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ ٹو گروپ جی کے میچ میں مضبوط حریف سعودی عرب نے پاکستان کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر صفر کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی۔ جناح فٹبال اسٹیڈیم اسلام آباد میں فاتح ٹیم کی جانب سے میچ کا پہلا گول 27 ویں منٹ میں فراس البریکان نے کیا۔ دوسرا گول بھی 41 ویں منٹ میں فراس البریکان نے ہی کیا، 51 ویں منٹ میں تیسرا گول مصاب الجوویر نے بنایا۔ سعودی ٹیم نے گروپ میں پانچ میں سے چار میچز جیتے اور اگلے راؤنڈمیں کوالیفائی کر لیا، پاکستانی ٹیم سعودی عرب میں اوے میچ 4-1 سے ہار چکی ہے۔پاکستان فیفا کوالیفائرکا اگلا میچ 11 جون کو تاجکستان کے خلاف کھیلے گا جو کہ راؤنڈ 2 میں ٹیم کا آخری میچ ہوگا۔