ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ پاک چین تعلقات وقت کے آزمودہ ہیں، گزشتہ کئی دہائیوں میں ان تعلقات نےدونوں ممالک کوفائدہ پہنچایا ہے، ہم اپنے تعلقات کی بنا پر ہر مرتبہ مومینٹم میں اضافہ کرتے ہیں۔
ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے میڈیا کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی چینی وزیر اعظم سے آج صبح ملاقات ہوئی ہے، ملاقات میں بشام واقعہ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور چین بشام دہشت گردی کیس پر رابطے میں ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ یہ بھارتی عوام کا حق ہے کہ وہ اپنی قیادت کا انتخاب کریں، ہم بھارت میں انتخابی عمل پر ردعمل نہیں دیتے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کے 5 اگست 2019ء کے یکطرفہ غیرقانونی اقدامات نے پاک بھارت باہمی ماحول خراب کیا، پاکستان پر امن ہمسائیگی پر یقین رکھتا ہے، امید کرتے ہیں کہ بھارت پرامن بامقصد مذاکرات کے لیے سازگار ماحول بنائے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کشمیری اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ نمائندہ خصوصی برائے افغانستان آصف درانی کل ایران میں چار فریقی مذاکرات میں حصہ لیں گے، افغانستان کی اپنے عوام کی اقتصادی خوشحالی کے لیے کوششوں کی حمایت کریں گے۔
ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ گرین کیمپ پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں، بالخصوص غزہ کے عوام پر حملوں کو فوری بند کیا جانا چاہیے۔