کاٹیج گارڈن کی تاریخ کافی پُرانی ہے۔ غالباً کاٹیج گارڈن پہلی مرتبہ اس وقت ڈیزائن کیا گیا اور اسے یہ نام دیا گیا، جب دُنیا پر برطانیہ کی حکمرانی تھی اور مختلف ممالک اس کی کالونیاں تھے۔ خیر کاٹیج گارڈن کی تاریخ پر پھر کبھی نظر ڈالیں گے۔
یہاں ہم کاٹیج گارڈن کی تعمیر اور سیٹنگ پر بات کریں گے۔ کاٹیج گارڈن ایک منفرد اور غیرروایتی ڈیزائن کا حامل گارڈن ہوتا ہے لیکن یہ روایتی مواد ، گھنے نباتات اور استعمال میں آنے والی سبزیوں اور جڑی بوٹیوں پر مشتمل ہوتا ہے۔
اس قسم کا گارڈ ن وسیع پیمانے پر ہونے کے بجائے محدود جگہ پر لیکن آراستہ و پیراستہ نستعلیق انداز میں ہوتا ہے، جس کو دیکھتے ہی آپ کو فرحت بخش احساس ہوتاہے۔ تاریخ سے پتہ چلتا ہے کہ 1870ء میں برطانیہ میں جب کاٹیج بنانے کا دور دورہ تھا تو اس کے قسم کے گارڈن جابجا نظر آتے تھے۔
کاٹیج گارڈن ہو یا پھر گارڈن کا کوئی بھی ڈیزائن، جب تک اس میں پھلوں اور سبزیوں والے درخت اور پودے نہ ہوں تو اس کی زیادہ افادیت سامنے نہیں آتی۔ اگر اس میں شہد کی مکھیوں کا چھتہ اورایک آدھ مویشی پالنے کی بھی جگہ ہوتو پھر سمجھیں آپ برطانوی دور کے کاٹیج گارڈن کی روایت کو ابھی تک زندہ کیے ہوئے ہیں۔ کاٹیج گارڈننگ میں سب سے زیادہ پھولوں کی بہتات ہوتی ہے، یوں سمجھیں کہ پھولوں کی خوشنمائی کے پیچھے آپ کی لذت کا سامان لیے پھلوں اور سبزیوں کے پودے ہوتے ہیں۔
روایتی کاٹیج گارڈن ایک محدود احاطے میں ہوتے ہیں، جس کے چاروں طرف گلاب کی باڑھ ہوتی ہے اور اس کا داخلی دروازہ بھی گلاب کے پھولوں سے بنا ہوتا ہے۔ کاٹیج گارڈن کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ اس میں ایک انچ بھی جگہ خالی نہیں ہوتی۔
کاٹیج گارڈن.... ایک منفرد انداز
کاٹیج گارڈن میں عموماً روایتی پھولوں جیسے پِرم روز اور وائیولیٹ کے ساتھ ساتھ مقامی طورپر پائے جانے والے پھولوں اور خوشنما جڑی بوٹیوں والے پودے لگانے چاہئیں۔ اگر کچھ بھی دستیاب نہ ہوتو گلاب ، سورج مکھی اور چنبیلی کے پودے فراوانی سے لگائیں، جو سال میں ایک بارجوبن پر ہوتے ہیں اور یہی وہ وقت ہوتا ہے جب آپ کا کاٹیج گارڈن خوشبوؤں سے مہک رہا ہوتا ہے اور آپ سب کو اپنے گھر آنے کی دعوت دے کر بہت خوش ہوتے ہیں۔
ہمارے گھر چونکہ کاٹیج اسٹائل کے نہیں ہوتے اسی لئے گھر کے صحن میں دائیں بائیں جگہ یا پھر کار پارکنگ یا گھر کے عقبی حصے میں کاٹیج اسٹائل گارڈن بنانا چنداں مشکل نہیں ہے۔
اگر آپ کےگھر میں باغیچہ نہیں ہے لیکن آپ کو پودوں کا بہت شوق ہے تو آپ گھر کے سامنے والے حصے میں پودے لگا کر اسے ایک چھوٹے سے باغیچے سے تشبیہ دے سکتے ہیں۔ سب سے پہلے تو اپنے پاس موجود جگہ کا جائزہ لیں اور اگر ہو سکے تو اس کی پیمائش بھی کر لیں۔ اس کے بعد آپ ایک ابتدائی منصوبہ بنائیں، جس میں آپ یہ فیصلہ کریں کہ کون سے پودے دستیاب جگہ کے حساب سےکہاں لگاسکتے ہیں۔
اس کے بعد بھی اگر آپ کے پاس تھوڑی سی جگہ موجود ہے تو آپ وہاں پتھر کا راستہ بھی بنا سکتے ہیں اور بیٹھنے کے لیے کرسیاں بھی رکھ سکتے ہیں۔
حتمی مراحل کے بارے میں سوچیں کہ آپ کو وہاں روشنیاں کس طرح کی لگانی ہیں اور باغیچے کے ارد گرد گلاب کی باڑ کس طرح کی بنے گی اور اس کیلئے پھولوں کے کتنے پودے درکار ہوں گے۔ اگر گھر کے سامنے کی دیوار سفید رنگ کی ہے تو اس کے ساتھ شوخ رنگ کے پودے اچھے لگیں گے۔ ہرے رنگ کے جھاڑی نما پودے لگائیں گے تو وہ بھی بہت شاندار لگیں گے۔
پودوں اور گملوں کے درمیان مناسب فاصلہ ضرور رکھیں۔ لیموں، انگوراور دیگر کئی اقسام کے پھلوں کے ایسے پودے بھی دستیاب ہیں، جنہیں آسانی سے گملوں میں لگاکر کہیں بھی رکھا جاسکتا ہے۔ سبزیوں میں ٹماٹر، مرچ، پودینہ، دھنیا، بینگن، بھنڈی، توری، کریلا، کدو، گاجر، مولی اور دیگر کئی اقسام کی سبزیاں آسانی سے اُگائی جاسکتی ہیں۔ سبزیاں اُگا کر اپنے گھر کے کچن کی ضروریات کو کسی حد تک پورا کیا جاسکتا ہے۔ بس انہیں مناسب مقدار میں سورج کی روشنی کے ساتھ ساتھ پانی اور کھاد وغیرہ بھی دی جانی چاہیے۔
سامنے کے باغیچے کو نہ تو زیادہ فینسی اور نہ ہی زیادہ عام ہونا چاہیے۔ یہی وہ پہلی چیز ہے، جس پر آپ کےمہمانوں کی نظر پڑتی ہے۔ کسی پر بھی یہ آپ کےگھر کا پہلا تاثر ہوتا ہے، اس لیے اس کو بہت زیادہ خوبصورت نظر آنا چاہیے۔ آپ کو بہت زیادہ پیسہ خرچ کرنے کی ضرورت نہیں ہے، بس اس کی حفاظت کرنی ہے کیونکہ سوکھے پودے اور بے جا سوکھی گھاس آپ کےگھر کا اچھا تاثر نہیں دیتے۔
آپ اپنے کاٹیج گارڈن کو مختلف طریقوں پر عمل پیرا ہو کر خوبصورتی سے سجا سکتے ہیں۔ سب سے پہلے ان چیزوں کی ایک فہرست بنا لیںجوآپ کو اپنے باغیچے کی خوبصورتی اور صفائی کے لئے چاہئے ہوں۔ مثلاً تمام پھولوں اور پودوں کی فہرست بنا لیں،جنہیں آپ اپنے کاٹیج گارڈن میں لگانا چاہتے ہیں۔ اس کے علاوہ جگہ کے حساب سے باغیچے میں فوارہ یا جھرنا بھی بنائیں۔
آپ متذکرہ بالا مشوروں پر عمل کرکے اپنے گھر میں ایک خوبصورت کاٹیج گارڈن سجا سکتے ہیں اور اسے مزید خوبصورت بنانے اور مزید پھولوں اور پودوں سے مزین کرنے کے لیے آپ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا کھل کر استعمال کرسکتے ہیں۔