لاہور ، سیالکوٹ(خصوصی نمائندہ ، نمائندہ جنگ) پاکستان کی تاریخ کا پہلاپنجاب لائیوا سٹاک کارڈ اور پہلی’’فارمر رہنمائی ایپ‘‘ کا اجرا کردیا گیا وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب لائیو سٹاک کارڈ پراجیکٹ کی منظوری دی جس سے مویشی فیڈ کے لئے اڑھائی لاکھ روپے بلاسود قرض ملے گا-وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدار ت اجلاس میں اہم لائیو سٹاک پراجیکٹس کی منظوری دی گئی-وزیر اعلیٰ نے لائیوسٹاک فارمر کے لئے قرضے کے حصول کے مراحل آسان بنانے اور جنوبی پنجاب میں ڈیر ی فارمنگ کے لئے سکیم تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب کے لائیو سٹاک فارمرز کو معاشی خودمختاری کی راہ پر گامزن کرناچاہتے ہیں۔ اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایاگیا کہ جنوبی پنجاب کے دیہی علاقوں میں مقیم مرد اور خواتین کوڈیر ی فارمنگ کے لئے آسان اقساط پر قرضہ فراہم کرنے کا جائزہ لیا جائے گا۔پنجاب بھر 40ہزار فارمرز کوپنجاب لائیوسٹاک کارڈ کے ذریعے قرضے دیئے جائیں گے۔پنجاب لائیوسٹاک کارڈ سکیم سے چار لاکھ جانورمیٹ ایکسپورٹ کے لئے میسرہونگے۔ فارمر کو جانورں کی فری ڈیگنگ، فری ان سیمی نیشن سروسز، ونڈا اور سائلج کی کوالٹی کی ٹیسٹنگ سہولت بھی فراہمی کی جائے گی۔پنجاب لائیو سٹاک کارڈ کے ذریعے فارمرکو ونڈا، سائلج اور منرل مکسچر کے لئے2لاکھ 70 ہزار روپے کا آسان قرضہ دیا جائے گا۔