وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وزیرِاعظم شہباز شریف کو چین کے کامیاب دورے پر مبارک باد دی ہے۔
اپنے ایک بیان میں مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کی رہنمائی میں معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے، سی پیک پراجیکٹس کی تکمیل میں تیزی آئے گی۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم نے بہترین سفارت کاری سے ملکی ترقی اور خوش حالی کی راہ ہموار کر دی، وقت نےثابت کر دیا کہ چین اور دیگر ممالک ن لیگ کی قیادت پر بھرپور اعتماد کرتے ہیں۔
مریم نواز نے مزید کہا ہے کہ چین کے سرمایہ کاروں کی شراکت داری پر آمادگی معاشی ترقی کی راہ کھولے گی، پاک چین تعلقات چٹان کی طرح مضبوط ہیں۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ علاقائی امن و استحکام اور ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کا عزم قابلِ تحسین ہے، ملک اچھے معاشی حالات کی جانب رواں دواں ہے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا یہ بھی کہنا ہے کہ آٹا، روٹی اور دیگر ضروری اشیاء کے نرخ میں کمی کا رجحان خوش آئند ہے۔