اسلام آباد (نمائندہ جنگ) تحریک انصاف نے واضح کیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے اراکین کے ناموں پر مشاورت جاری ہے ، زیر گردش ناموں کے حوالے سے جاری قیاس آرائیاں مناسب نہیں، قیاس آرائیوں اور اندازوں پر مبنی نامزدگیوں کو تحریک انصاف یا اپوزیشن کی نامزدگیاں قرار دینا ممکن نہیں۔ پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سینٹ و قومی اسمبلی میں قائدین حزب اختلاف سے ملاقات میں اپوزیشن کے مشترکہ اجلاس پر معنی خیز گفتگو کی گئی ، 13 جولائی کو متحدہ اپوزیشن کے اجلاس میں ناموں پر غور کیا جائے گا۔ حزب اختلاف کی قیادت کی جانب سے حتمی فیصلے سے پہلے قیاس آرائیوں سے گریز کیا جانا چاہئے۔