متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے آئندہ بجٹ میں سندھ کے شہریوں کے لیے اپنے مطالبات وزیرِ اعظم شہباز شریف کے سامنے رکھ دیے۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نے بجٹ میں کراچی کے لیے 5 سالہ سوشیو اکنامک ڈیولپمنٹ پلان کا مطالبہ کیا ہے، ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس صوبائی حکومت نہیں، وفاق ہمارے ایم این ایز کو فنڈ جاری کرے۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نے کراچی، حیدر آباد، میر پور خاص کے لیے وفاق سے 38 ارب روپے مانگے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم نے وفاق سے مطالبہ کیا ہے کہ کامیاب جوان یوتھ پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو بلا سود قرض دیا جائے، اس سال کے فور منصوبے کو پایۂ تکمیل تک پہنچایا جائے اور گریٹر کراچی سیوریج پلان ایس تھری کی بھی اسی سال تکمیل مکمل کی جائے۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نے مطالبہ کیا ہے کہ گرین لائن پروجیکٹ کی توسیع، بلیو لائن اور کراچی سرکلر ریلوے پروجیکٹ کے لیے بھی فنڈز رکھے جائیں۔
ایم کیو ایم کی جانب سے کراچی پورٹ سے پپری تک فریٹ کوریڈور سمیت بن قاسم پر ٹیکسٹائل سٹی پروجیکٹ کی تکمیل کے لیے بھی فنڈز مختص کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔