• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر کے قریبی علاقوں میں گیسٹرو سے 100 افراد متاثر

100 People Affected By Gastroenteritis In Nearby Areas Of Sukkur
سکھر کے نواحی اور ضلع شکارپور کے علاقے چک کے نزدیک گاؤں مرزا شر سمیت دیگر دیہی علاقوں میں اچانک گیسٹرو کا مرض پھیل گیا ۔

جس کے باعث 30سے زائد متاثرہ افراد کو سول اسپتال سکھر سمیت دیگر اسپتالوں میں لایا گیا ،جن میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی تھی متاثرہ مریضوں کو اسپتال میں طبی امداد فراہم کی گئی۔

ضلع شکارپور کے علاقے چک اور اس کے گردونواح میں پیر کے روز اچانک گیسٹرو کا مرض پھیلنے سے بڑی تعداد میں علاقوں کے لوگوں کو سکھرسول اسپتال سمیت دیگر سرکاری ونجی اسپتالوں میں لے جایا گیا۔

متاثرہ مریضوں کے مطابق ان کے گاؤں سمیت دیگر علاقوں میں بڑی تعداد میں لوگ گیسٹرو کے مرض میں مبتلا ہوئے ہیں اور ایک اندازے کے مطابق گیسٹر کے مرض میں مبتلا ہونے والے مریضوں کی تعداد100سے زائد ہے۔

جن میں سے متعدد دیہی علاقوں کے لوگ قبائلی جھگڑوں کے باعث گاؤں سے باہر نہیں نکل سکتے اور وہ گیسٹرو کے مرض میں مبتلا گاؤں مرزا شر کے نزدیکی دیہی علاقوں میں موجود ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گیسٹرو سے متاثرہ 30کے قریب مریض اسپتال تک آسکے ہیں،جبکہ اس مرض میں مبتلا مریضوں کی تعداد100یا اس سے زائد ہوسکتی ہے۔

دیہی علاقوں میں موجود گیسٹرو کے مرض میں مبتلا لوگوں نے انتظامیہ اور محکمہ صحت سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کے علاقوں میں ہنگامی طور پر طبی ٹیمیں بھیجیں، تاکہ گاؤں میں موجود متاثرہ مریضوں کا علاج ومعالجہ کیا جا سکے۔

سکھر کے سول اسپتال میں لائے جانے والے مریضوں میں خواتین اور بچوں سمیت تقریبًا25افراد شامل ہیں جبکہ پانچ سے زائد افراد کو دیگر اسپتالوں میں لے جایا گیا ہے۔

ڈاکٹروں کے مطابق گیسٹرو سے متاثرہ مریضوں کو ہرممکن علاج ومعالجے کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔
تازہ ترین