قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور کے ڈی جی امجد مجید اولکھ نے صادق آباد میں اربوں روپے کے شوگر اسکینڈل کا نوٹس لے لیا۔
نیب کے ترجمان کے ڈی جی نیب مطابق چینی اسکینڈل کے مرکزی ملزم شیخ راشد اور شریک ملزمان کے خلاف ڈائریکٹ انکوائری کا حکم دے دیا۔
صادق آباد میں بڑے چینی ڈیلر کی تاجروں کے اربوں روپے سمیٹ کر روپوش ہونے کی رپوٹ موصول ہوئی تھی، جس پر ڈی جی نیب لاہور امجد مجید اولکھ نے فوری تحقیقات کے لیے ٹیم تشکیل دے دی۔
مرکزی ملزم شیخ راشد، شریک ملزمان کاشف علی اور فیصل علی کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
نیب تفتیشی ٹیم نے صادق آباد میں چھاپہ مار کر ملزمان کی جانب سے متعدد مقامات پر چینی کی ذخیرہ اندوزی کا انکشاف کیا ہے۔
ملزم شیخ راشد کے صادق آباد میں بڑے گوداموں کی موجودگی کا پتہ بھی لگا لیا گیا ہے، ملزم کے گوداموں کو چینی کے اسٹاک کے لیے استعمال کیا جاتا رہا ہے۔
ڈی جی نیب لاہور کے احکامات پر چینی کے گودام اور دکانیں سیل کر دی گئی ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر صادق آباد کو ملزمان کی جائیدادوں پر ریسیور کے طور پر تعینات کر دیا گیا ہے۔
نیب لاہور نے چینی اسکینڈل پر برق رفتاری سے اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔