جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کراچی کی عدالت میں اسٹریٹ کرمنلز کے ہاتھوں نوجوان انجینئر اتقا کے قتل کیس میں گرفتار دو ملزمان کو پولیس نے عدالت میں پیش کیا۔
گرفتار ملزمان میں نوید احمد اور ظاہر علی شامل ہیں۔ عدالت نے ملزمان کو 3 دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے پیش رفت رپورٹ بھی طلب کرلی۔ تفتیشی افسر کے مطابق ملزمان نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا ہے۔
تفتیشی افسر کا مزید کہنا تھا کہ ملزمان کی شناخت پریڈ بھی کرانی ہے۔ تفتیشی افسر کے مطابق ملزمان عادی جرائم پیشہ ہیں۔ ملزم نوید پہلے بھی جیل جا چکا ہے۔
تفتیشی افسر نے کہا ملزم سے مقتول کی چھینی گئی موٹر سائیکل بھی برآمد کرانی ہے۔
واضح رہے چند روز قبل نوجوان انجینئر اتقا کو گلشن اقبال میں ڈکیتی مزاحمت پر قتل کر دیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق واقعہ کا مقدمہ تھانہ گلشن اقبال میں درج ہے۔