• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یہ واقعہ، میری والدہ کے ساتھ پیش آیا، جو اُن ہی کی زبانی پیشِ خدمت ہے۔

’’آج سے تقریبا آٹھ نو سال قبل کی بات ہے، جب ہم کرائے کے مکان سے اپنے ذاتی گھر منتقل ہوئے تھے۔ اُس وقت اُس علاقے میں آبادی زیادہ نہیں تھی، بس اِکا دُکّا ہی گھر تھے، جو قدرے فاصلے پر تھے۔ ہمارا گھر بھی ابھی مکمل تعمیر نہیں ہوا تھا، اس لیے جگہ جگہ تعمیراتی سامان وغیرہ بکھرا پڑا تھا۔ وہ جون کا مہینہ تھا، شدّت کی گرمی پڑ رہی تھی، ساتھ ہی لوڈ شیڈنگ نے رہی سہی کسر پوری کردی تھی۔ دس مرلے کے اس مکان کے ایک کمرے میں میرے بچّے چارپائیوں پر سورہے تھے۔ 

اُن کے قریب ہی مَیں ایک طرف جائے نماز بچھائے عشاء کی نماز ادا کر رہی تھی۔ سلام پھیرنے سے قبل میری اچٹتی سے نگاہ ایک کالے رنگ کی رسّی نما چیز پر پڑی، جو آڑی ترچھی جائے نماز پر عین سجدے کے مقام پر دائیں طرف تھی۔ مَیں چوں کہ حالتِ نماز میں تھی، لہٰذا رکعتیں مکمل کرنے کے بعد غور سے دیکھا کہ رسّی نما یہ شئے جائے نماز پر کہاں سے آئی۔ 

غور سے دیکھنے پر بھی کچھ سمجھ میں نہ آیا، تو یہ سوچ کر کہ کہیں میرے بچّے اسے سانپ سمجھ کر ڈر نہ جائیں، یہ خیال آتے ہی مَیں نے اسے ہاتھ بڑھا کر اُٹھانا چاہا، مگر وہ خطرناک سانپ، جسے میں رسّی سمجھ رہی تھی، انتہائی سُرعت سے اُٹھا اور تیزی سے رینگتا ہوا باہر نکل گیا۔ مَیں حیرانی سے اُسے جاتا دیکھتی رہی۔ 

اللہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شُکر ہے کہ وہ سانپ باہر کی جانب بھاگا، اگر میری طرف یا میرے بچّوں کی طرف جاتا، تو اس کے وار سے بچنا ممکن نہ تھا۔ آج بھی جب یہ واقعہ یاد آتا ہے، تو اللہ کا شُکر ادا کرنے کے بعد سوچتی ہوں کہ یہ یقیناً نمازکی برکت کا انعام تھا کہ پوری نماز کے دوران وہ خطرناک سانپ جائے نماز پر موجود رہا، مگر مجھے کچھ بھی نہ کہا۔ (ضیاء الحسن، مظفرگڑھ)

ناقابلِ اشاعت نگارشات اور ان کے تخلیق کاربرائے صفحہ ’’ناقابلِ فراموش‘‘

٭باہمّت لوگ (بشیر احمد بھٹی، فوجی بستی غربی، بہاول نگر)٭بیس برس پرانا سچّا واقعہ(عاجز داد فریادی ابنِ غلام نبی، سبّی روڈ، کوئٹہ)٭واقعہ ذہن میں محفوظ ہے (امِّ زین، سرگودھا)٭ندامت کے آنسو (والدہ عمار احسن، واہ کینٹ) ٭ہر طرف سکّوں کے نشان +قبر کی کھدائی کے بعد (رائو حاجی منظور احمد خان، اوکاڑہ)٭ 1958ء کا واقعہ (ملک محمد نواز تھیہم، سرگودھا)۔

برائےصفحہ ’’متفرق‘‘

٭ضلع مظفر گڑھ کا گم نام تفریحی مقام (نعیم احمد ناز، اوچ شریف)٭ دو طوطوں کی آپ بیتی (نام و مقام نہیں لکھا)٭ نورمحل، بہاول پور (دانیال حسن چغتائی،کہروڑ پکا ،لیّہ)۔