پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب دن رات محنت کر کے معیشت کی سمت درست کر رہے ہیں، مشکل فیصلے لے کر عوام کو ریلیف دیا جا رہا ہے، ہر فرد کو ٹیکس دینا پڑے گا۔
وزیرِ خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے سینئر وزیرِ مریم اورنگزیب کے ہمراہ پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کی۔
اس دوران مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب حکومت نے کل ایک تاریخی بجٹ پیش کیا ہے، تنقید ضرور کریں لیکن 5 سال مل کر چلنا پڑے گا، استحکام ضروری ہے ورنہ ہم ترقی نہیں کر سکتے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ بجٹ میں پنجاب حکومت کا نظریہ منعکس ہوتا ہے، صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ صحت کے شعبے میں اتنا بجٹ مختص کیا گیا ہے، بجٹ میں ٹیوب ویلوں کی سولرائزیشن شامل ہے، زراعت کی جدید مشینری مقامی طور پر تیار کرنے کے لیے فنڈز بجٹ میں شامل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صاف ستھرا پنجاب کا منصوبہ بجٹ میں شامل کیا گیا ہے، فش فارمنگ کے لیے 6 ارب روپے بجٹ میں رکھے گئے ہیں، وائلڈ لائف، فشریز اور فاریسٹ کے محکموں میں جدت لا رہے ہیں، انوئرامینٹل پروٹیکشن ایجنسی کو انوائرمنٹل پروٹیکشن اتھارٹی میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پنجاب کے بجٹ میں بھی ملازمین کی تنخواہ میں 25 فیصد تک اضافے کی منظوری دی گئی، حکومت کے اقدامات کی وجہ سے آج معیشت استحکام کی طرف جارہی ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ یوسی لیول تک کھیلوں کے میدان بحال کیے گئے اور مزید اضافہ کیا گیا، فیملی پلاننگ کی مد میں 16.5 بلین کا اضافہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے بجٹ پر بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ تعطل کا شکار اسکیموں کا 550 ارب روپے کا بجٹ استعمال ہوگا، صحت کے شعبہ میں 539 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے، تعلیم کے بجٹ کو 559 ارب سے بڑھا کر 670 ارب روپے کیا گیا ہے، زراعت کے شعبہ میں 10 ارب کا کسان کارڈ، 30 ارب روپے کی گرین ٹرکٹر سکیم شامل ہے۔
مریم اورنگزیب کے مطابق سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے لیے 127 ارب روپے رکھے گئے ہیں، لاہور کو سموگ فری شہر بنانے کے لیے ایک منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے سیاست سے بالاتر ہو کر فیصلے کیے ہیں، درست فیصلے کرنے سے ہی ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا جا سکتا ہے