سکھر میں سول اسپتال کے جیل وارڈ سے ڈاکو خیرو تیغانی کے فرار ہونے کے معاملے پر پولیس کا مؤقف سامنے آگیا۔
پولیس کے مطابق پولیس اہلکاروں نے قیدی کے ساتھیوں کو جیل وارڈ تک رسائی دی، 3 پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ ایک پولیس اہلکار فرار ہوگیا ہے۔
اس حوالے سے درج ایف آئی آر کے مطابق ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں نے خیرو تیغانی کو فرار کرانے میں مدد کی، اہلکاروں نے ملزم کے فرار ہونے کی اطلاع پولیس ہیڈکوارٹر کو جان بوجھ کر نہیہں دی۔
مقدمے کے مطابق پولیس اہلکاروں نے ملزم کے ساتھی کو 20 دن تک ملزم کیساتھ جیل وارڈ میں رکھا، اسپتال انتظامیہ نے 5 دن قبل علاج مکمل ہونے پر قیدی کو جیل منتقل کرنے کی ہدایت کی تھی تاہم پولیس اہلکاروں نے ملزم کو فرار کرانے کے لیے جیل منتقلی میں تاخیر کی۔
پولیس کے مطابق سرکاری مدعیت میں درج مقدمے میں اے ایس آئی اور 3 کانسٹیبل نامزد ہیں جبکہ جیل وارڈ میں موجود قیدی کے ایک ساتھی کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔