وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی حکومت میں ادارہ جاتی اسٹریٹیجک اصلاحات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ تمام وفاقی وزارتیں اصلاحات کے حوالے سے بھرپور تعاون کریں۔
اس حوالے سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ اجلاس کو اسٹریٹجک ریفارمز روڈ میپ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ ٹاسک مینجمنٹ سسٹم کا نظام متعارف کروایا جارہا ہے جس کا کام حتمی مراحل میں ہے۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ وفاقی وزارتوں میں بین الاقوامی معیار کے ماہرین کی تعیناتی پر کام کا آغاز کردیا گیا۔ وزارتوں اور دیگر وفاقی اداروں میں اہم عہدوں پر پروفیشنل افرادی قوت تعینات کی جائے گی۔ ہر وزارت سیکٹورل پلان ترتیب دے گی۔
اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ معاشی ترقی کی حکمت عملی ترتیب دینے کےلیے ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ وفاقی وزارتوں کی کارکردگی کی جانچ کےلیے پرفارمنس انڈیکیٹر ترتیب دیے جائیں گے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اصلاحاتی ایجنڈے کا محور گورننس میں بہتری اور عوام کو بہترین سروسز کی فراہمی ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام وفاقی وزارتیں اصلاحات کے حوالے سے بھرپور تعاون کریں۔ اصلاحاتی ایجنڈا سے متعلق کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔