وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے چینی سفارت خانے میں چینی سفیر جیانگ زی ڈونگ سے ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں وزیرِ اعظم شہباز شریف کےحالیہ دورۂ چین سے متعلق بات چیت کی گئی۔
ملاقات کے دوران پاک چین تعلقات کے فروغ اور چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے اقدامات پر بھی گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ وزیرِ اعظم کے حالیہ دورۂ چین سے دوستی کا رشتہ مضبوط ہوا ہے، چین کے صدر، وزیرِ اعظم اور اعلیٰ قیادت نے ہمیشہ پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے لیے جامع اور مؤثر ایس او پیز بنائے ہیں، اسلام آباد میں غیر ملکی شہریوں کے لیے الگ فورس ایس پی یو بنائی جا رہی ہے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے کام کرنے والے چینی بھائیوں کا تحفظ حکومتِ پاکستان کی اولین ترجیح ہے، کوشش ہے کسی چینی شہری پر ذرہ بھر آنچ بھی نہ آئے، پاک چین لازوال دوستی میں کوئی دراڑ نہیں ڈال سکتا، کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔