• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی وفاق کو ایک بار پھر دھمکی

علی امین گنڈاپور--- فائل فوٹو
علی امین گنڈاپور--- فائل فوٹو

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور نے وفاق کو ایک بار پھر دھمکی دے دی، کہا ہے کہ وفاق اپنا رویہ ٹھیک کر لے اور مجبور نہ کرے کہ اسے دھکے دے کر نکالا جائے، مرحلہ وار کام شروع کر دیا ہے، وفاقی حکومت کو لانے والے بھی اسے نہیں بچا پائیں گے۔

پریس کانفرنس میں ان کا کہنا ہے کہ خیبر پختون خوا میں کہیں بھی 12 گھنٹے سے زیادہ لوڈ شیڈنگ نہ ہونے دی جائے۔

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا نے ارکانِ اسمبلی اور انتظامیہ کو ٹاسک دےدیا اور پولیس کو واپڈا کے کہنے پر کسی رکن کے خلاف مقدمہ نہ بنانے کی ہدایت کر دی۔

انہوں نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم سے آخری بار کہہ رہا ہوں کہ ہمیں صوبے کا پیسہ دو، اگر نیشنل گرڈ سے بجلی کم کی گئی تو بجلی بند کر دوں گا۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا نے کہا کہ آپ ہمیں مجبور کر رہے ہیں، یہ لوگ مینڈیٹ چوری کر کے حکومت میں بیٹھے ہیں، آپ کس طرح بیٹھے ہیں؟ آپ کو کس طرح نکالنا ہے؟ مجھے پتہ ہے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وفاق اپنی ذمے داری پوری نہیں کر رہا، واپڈا خیبرپختونخوا کے ساتھ زیادتی کر رہا ہے، 12 گھنٹے سے زیادہ لوڈشیڈنگ کسی فیڈر سے نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ مجھے آپ کی سپورٹ چاہیے، وفاق کے ذمے ہمارے صوبے کے 16 ارب روپے واجب الادا ہیں، ہمیں اپنے عوام کے تعاون کی ضرورت ہے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وزیراعظم کو آخری بار کہتا ہوں کہ صوبے کا پیسہ دیں، ہمیں اپنا حق لینے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

انہوں نے صوبے کے اراکینِ اسمبلی کو لوڈشیڈنگ کنٹرول کرنے کا ٹاسک دے دیا اور انہیں کہیں بھی 12 گھنٹے سے زیادہ بجلی بند نہ ہونے دینے کی ہدایت دے دی۔

علی امین گنڈاپور نے پولیس کو بھی پابند کر دیا کہ واپڈا کے کہنے پر کسی رکن کے خلاف مقدمہ درج نہ کیا جائے۔

وفاقی حکومت کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ڈیڑھ ماہ کی ڈیڈ لائن گزرنے کے باوجود وعدے پورے نہ ہوئے، اب ہم اور وہ آزاد ہیں۔

قومی خبریں سے مزید