ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے 47ویں میچ میں بھارت نے بنگلادیش کو 50 رنز سے شکست دے دی، اس فتح کے ساتھ ہی بھارت کی سیمی فائنل میں پہنچنے کی راہ ہموار ہوگئی۔
نارتھ ساؤنڈ میں کھیلے جانے والے اس میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
بھارتی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے۔
ہاردیک پانڈیا نصف سنچری بنا کر ناقابلِ شکست رہے جبکہ ویرات کوہلی نے 37، رشبھ پنت نے 36، شیوم ڈوبے نے 34 اور روہیت شرما نے 23 رنز بنائے۔ سوریا کمار یادیو 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ اکشر پٹیل 3 رنز کے ساتھ ناقابلِ شکست رہے۔
بنگلادیش کی جانب سے تنظیم حسن اور رشد حسین دو دو وکٹیں لے کر نمایاں رہے جبکہ ایک وکٹ شکیب الحسن کے حصے میں آئی۔
ہدف کے تعاقب میں بنگلادیشی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بناسکی۔
نجم الحسن شانتو 40 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ تنزید حسن نے 29، رشد حسین نے 24 جبکہ لٹن داس اور محمود اللہ نے 13، 13 رنز کی اننگز کھیلی اور شکیب الحسن 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
بھارت کی جانب سے ایک مرتبہ پھر جسپریت بومرا نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا، انہوں نے 4 اوورز میں صرف 13 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ تین وکٹیں کلدیپ یادیو نے لیں جبکہ ارشدیپ سنگھ نے دو اور ہاردیک پانڈیا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
عمدہ آل راؤنڈ پرفارمنس پر ہاردیک پانڈیا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اس جیت کے ساتھ ہی بھارت کی سیمی فائنل میں پہنچنے کی راہ ہموار ہوگئی۔ اسی گروپ کے اگلے میچ میں آسٹریلیا کی افغانستان کو شکست بھارت اور آسٹریلیا کو سیمی فائنل میں جبکہ افغانستان اور بنگلادیش کو گھر پہنچا دے گی۔