• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم نے انسداد دہشت گردی کیلئے آپریشن ’عزمِ استحکام‘ کی منظوری دے دی


وزیر اعظم شہباز شریف نے انسداد دہشت گردی کےلیے آپریشن ’عزمِ استحکام‘ کی منظوری دے دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ کسی کو ریاست کی رٹ چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان پر مرکزی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سمیت وفاقی کابینہ کے اہم وزراء نے شرکت کی۔ اجلاس میں تمام صوبوں اور گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ، سروسز چیفس بھی شریک ہوئے۔

فورم نے انسداد دہشت گردی کی جاری مہم اور داخلی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا اور انسداد دہشت گردی کی جامع اور نئی جاندار حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ وزیر اعظم نے انسداد دہشت گردی کےلیے آپریشن ’عزمِ استحکام‘ کی منظوری دی۔

اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک سے انتہا پسندی اور دہشت گردی کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ آپریشن عزم استحکام دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کےلیے اہم ثابت ہو گا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سفارتی کاوشوں سے دہشتگرد تنظیموں کی بیخ کرنی کریں گے۔ انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ پاکستان کی جنگ ہے۔

انکا یہ بھی کہنا تھا کہ کسی کو ریاست کی رٹ چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

فورم نے چینی شہریوں کےلیے فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کےلیے اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔

چینی شہریوں کی حفاظت کےلیے وزیر اعظم کی منظوری کے بعد متعلقہ محکموں کو نئے ایس او پیز جاری کردی گئیں۔

قومی خبریں سے مزید