جنوبی افریقہ نے ویسٹ ایڈیز کو شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
سپر ایٹ کے گروپ 2 میں شامل دونوں ٹیمیں نارتھ ساؤنڈ میں مدمقابل تھیں، جہاں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
جنوبی افریقہ نے ویسٹ انڈیز کو ڈی ایل ایس میتھڈ پر 3 وکٹ سے ہرا دیا۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنا سکی تھی اور جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 136 رنز کا ہدف دیا۔
روسٹن چیز 52، کائل مائرز 35 اور آنڈرے رسل 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ الزاری جوزف 11 رنز بنا کر ناؤٹ رہے، اس کے علاوہ کوئی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہیں ہو سکا۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے تبریز شمسی نے 3، مارکو جانسن، ایڈن مارکرم، کیشو ماہراج اور کگیسو رباڈا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو 2 اوورز کے بعد بارش ہو گئی اور کھیل کو کچھ دیر روکنا پڑا، جس کی وجہ سے جنوبی افریقہ کو 17 اوورز میں جیت کے لیے 123 رنز کا ہدف ملا۔
جنوبی افریقہ کے ٹرسٹن اسٹبز 29، ہنرک کلاسن 22، کپتان ایڈن مارکرم 18 اور کوئنٹن ڈی کک 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ مارکو جانسن نے ناقابل شکست 21 رنز بنائے۔
ویسٹ ایڈیز کی جانب سے روسٹن چیز نے 3، آنڈرے رسل اور الزاری جوزف نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
جنوبی افریقہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی دوسری ٹیم ہے، گروپ 2 میں سے انگلینڈ کی ٹیم پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے۔