چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی مسلم لیگ (ن) سے صلح ہوگئی ہے۔
جہلم پیر پشاوری کے سالانہ عرس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ میڈیا والے پیچھے رہ گئے ہیں، نیوز نہیں بناسکے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے پیپلز پارٹی کے تحفظات دور کردیے ہیں، پی پی دھمکی دینے والی جماعت نہیں ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ ہم حکومت کا حصہ نہیں ہیں، ان کی مدد کر رہے ہیں، معاشی صورت حال کو کنٹرول کرنے کےلیے کردار ادا کر رہے ہیں تاکہ حکومت مضبوط ہو۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ماضی میں دہشت گردی کے خاتمے کےلیے آپریشن کے اقدامات کو سراہا گیا تھا۔
یوسف رضا گیلانی نے یہ بھی کہا کہ ماضی کے آپریشن میں متاثر ہونے والے 20 لاکھ افراد آج بھی کیمپوں میں موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سی پیک اور چین سے تعلقات پر پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتیں متحد ہیں۔