پنجاب حکومت نے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کی منظوری دے دی، وزيراعلی پنجاب مریم نواز 14 اگست کو پروگرام کی لاؤنچنگ کریں گی۔
صوبائی کابینہ اجلاس میں ڈاکٹرز کے لئے الاؤنس بڑھانے اور وزیراعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کی بھی منظوری دی گئی۔
کابینہ اجلاس میں کہا گیا کہ ڈاکٹرز کو نائٹ ڈیوٹی پر 7 ہزار، ساڑھے 7 اور 8 ہزار روپے نائٹ الاؤنس ملے گا۔
اجلاس میں دور دراز علاقوں میں تعینات ڈاکٹرز کےلیے روز 1 ہزار روپے پیٹرول الاؤنس دینے پر اتفاق کیا گیا۔
پنجاب کابینہ کے فیصلے کے بعد داتا دربار آئی اسپتال کا انتظام دوبارہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کے سپرد کردیا گیا۔
صوبائی کابینہ اجلاس پاسکو کو درآمد شدہ گندم کی واجب الادا رقم کی ایڈجسٹمنٹ ادائیگی کی منظوری دی گئی۔
کابینہ نے کاشت کاروں کےلیے وزیراعلیٰ مریم نواز کے اقدامات کو سراہا، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ وہ سیاسی نہیں عوامی مفادات کو مد نظر رکھ کر فیصلے کرتی ہیں۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے یتیم طلباء و طالبات کو الیکٹرک بائیک دینے کےلیے پراسس جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
مریم نواز نے کہا کہ تمام وزراء اپنے محکموں میں طلباء کی انٹرن شپ پروگرام تیار کریں۔
کابینہ اجلاس میں ریٹائرمنٹ کےبعدملازمین کےسرکاری گھرکی الاٹمنٹ میں توسیع نہ کرنےکافیصلہ بھی کرلیا گیا۔
اجلاس میں اوورسیز پاکستانیوں کو جائیداد کی منتقلی اور ریونیو سروسز کے لیے رجسٹریشن ایکٹ 1908 میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔
کابینہ اجلاس میں پنجاب سکھ آنند کراج میرج رجسٹرار رولز 2024 اور پنجاب سکھ آنند کراج میرج رولز 2024 کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ چنگ چی اور رکشے کو بتدریج متبادل ماحول دوست ٹرانسپورٹ پر منتقل کیا جائے جبکہ اسموگ کے خاتمے کےلیے موٹر سائیکل فٹنس سرٹیفکیٹ کا حاصل کیا جائے۔
کابینہ اجلاس میں ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشنز، سی ای او، ڈی ای او اور ڈی ڈی ای او کی تعیناتی کے شفاف طریقہ کار کی منظوری دی گئی۔
اس موقع پر تمام محکموں کے لائبریرین کو ماسٹر ڈگری حاصل کرنے پر 17 گریڈ دینے کی منظوری دی گئی۔