پاکستان بزنس فورم فرانس اور انٹرنیشنل بزنس اینڈ پروفیشنل کارپوریشن آف یونائیٹڈ کنگڈم نے تجارت اور تجارتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
فرانس میں پاکستان کے سفیر عاصم افتخار احمد نے ایم او یو پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی جس کا مقصد فرانس میں میڈ ان پاکستان مصنوعات کو فروغ دینا ہے۔
پاکستان میں کاروباری امکانات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے تقریب کے شرکاء نے سرمایہ کاری اور ترقی کے لیے سازگار ماحول فراہم کر کے بیرون ملک کاروباری برادری کو سہولت فراہم کرنے پر گہری توجہ دینے پر خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے کام کو خاص طور پر سراہا۔
پاکستان بزنس فورم فرانس کے چیئرمین سردار ظہور اقبال فورم کی طرف سے جبکہ انٹرنیشنل بزنس اینڈ پروفیشنل یوکے کی جانب سے چیئرمین رضوان سلہری نے دستخط کیے۔
اس موقع پر اس بات پر بھی روشنی ڈالی گئی کہ ایس آئی ایف سی کی ونڈو سہولت کے تحت پیش کیے جانے والے مواقع سے استفادہ کرنے کے لیے پاکستانی نژاد فرانسیسی تاجروں کے ایک وفد کا پاکستان کا دورہ کرنے کا امکان ہے تا کہ سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کیے جا سکیں اور یورپ کو پاکستان کی برآمدات کو فروغ دیا جا سکے۔