پنجاب حکومت کے 5 گھنٹے طویل اجلاس میں مری ڈیولپمنٹ پلان منظور کرلیا گیا۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت لاہور میں اجلاس ہوا۔
اجلاس کے شرکاء کو سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے تفصیلی بریفنگ دی، اس دوران مری ڈیولپمنٹ پلان منظور کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مری سمیت ہر شہر، علاقے اور تاریخی عمارات کے قدیمی نام بحال کیے جائیں گے۔
اس دوران مال روڈ مری کے قدرتی مناظر میں حائل ہائی رائز ہوٹل بلڈنگ ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا اور اتفاق کیا گیا کہ جی پی او چوک سے ہوٹل متبادل مقام پر منتقل کیے جائیں۔
اجلاس میں مری میں تعمیرات کےلیے بلڈنگ قوانین میں ترمیم منظور کرنے کا اختیار صوبائی سطح پر منتقل کرنے کی منظوری دی گئی۔
اس دوران ڈیولپمنٹ، بیوٹی فکیشن، ٹرانسپورٹ اور تعمیر و بحالی کے پراجیکٹس منظور کیے گئے جن میں راولپنڈی تا مری ٹورسٹ گلاس ٹرین پراجیکٹ بھی شامل ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹورسٹ گلاس ٹرین کےلیے انٹرنیشنل کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔
اجلاس کے دوران ہدایت کی گئی کہ مال روڈ پر قدیمی عمارتوں کو یکساں صورت، سائن اور کلر اسکیم نافذ کی جائے۔
اجلاس میں مری میں بارش کے پانی کو ذخرہ کرکے گھریلو استعمال میں لانے کے پراجیکٹ کی منظوری دی جائے۔
اس دوران اولڈ راولپنڈی، مری کشمیر روڈ کی تعمیر و توسیع، جھیکا گلی چوک کی ری ماڈلنگ، تجاوزات ہٹانے، لارنس کالج روڈ، بوسٹال موڑ تا بروری روڈ کی تعمیر و بحالی کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں بانسرہ گلی وائلڈ لائف پارک میں ٹری ہاؤس، کیمپنگ سائٹ، واک ویز، ٹیرس پارکنگ ایریا جبکہ مری بائیو ڈائیورسٹی پارک میں سیاحوں کے لئے ہٹس سٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس موقع پر نواز شریف نے کہا کہ غریب آدمی کو تنگ نہ کیا جائے بلکہ حکومت خود اسٹال لگا کر دے۔
دوران اجلاس وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ مری شہر پہلے سے بہت بہتر ہو چکا ہے، اسے عوام کے لئے بہترین بنائیں گے۔