• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ دنیا کی سب سے کامیاب بین المذاہب جمہوریت ہے، رشی سوناک

لندن (پی اے) وزیراعظم رشی سوناک نے کہا ہے کہ برطانیہ دنیا کی سب سے کامیاب بین المذاہب، کثیر النسلی جمہوریت ہے۔ شمال مغربی لندن کے نیسڈن مندر کے دورے میں ہندو کمیونٹی سے خطاب میں وزیراعظم نے مزید کہا کہ میں جانتا ہوں کہ برٹش ایشین وزیراعظم ہونا کتنے اعزاز کی بات ہے اور میں اس کیلئے بھرپور کوشش کروں گا کہ آپ کے اس فخر کو کم نہ ہونے دوں، مجھے برطانیہ کے پہلے ایشیائی وزیراعظم بننے پر فخر ہے، تاہم میں یہ بھی جانتا ہوں کہ یہ کوئی بہت بڑی کامیابی نہیں ہے، گذشتہ چند روز کے واقعات نے ہمیں یہ بھلا دیا ہے کہ برطانیہ دنیا کی سب سے کامیاب کثیرالجہتی، کثیرالمذاہب جمہوریت ہے اور ہم سب مل کر برطانیہ کی اس شناخت کو مزید بلند کریں گے۔ واضح رہے کہ نائجل فراج کی ریفارم پارٹی کے رہنماؤں نے ایسسیکس کی کلیکٹن نشست پر انتخابی مہم کے دوران وزیراعظم پر نسل پرستانہ حملے کئے تھے، جس پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراعظم رشی سوناک نے کہا تھا کہ ان نسلی حملے کا ان کے خاندان پر گہرا اثر پڑے گا، جب میری بیٹیاں یہ سنیں گی کے چند افراد (ریفارم پارٹی کے رہنما) نے ان کے والد کے خلاف کیسے رقیق الفاظ ادا کئے، یہ انتہائی دھچکے والا ہے۔ ہندو کمیونٹی سے خطاب کے بعد وزیراعظم نے کہا کہ یقیناً ہم اس ملک میں ان افراد سے زیادہ بہتر لوگ ہیں۔ ہفتے کو کئے گئے مندر کے دورے میں وزیراعظم کی اہلیہ اکشاتا مورتی بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ مندر میں موجود لوگ ان سے گھل مل گئے اور ہر ایک کوشاں تھا کہ وہ ان سے مصافحہ کرے۔ رشی سوناک نے وہاں موجود بزرگوں سے گفتگو کے دوران ان کے پیر بھی چھوئے جبکہ ان افراد نے وزیراعظم کے الیکشن میں کامیابی کیلئے دعائیں بھی دیں۔

یورپ سے سے مزید