کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں میزبان حامد میرسے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی رؤف حسن نے کہا کہ عمران خان ڈیل نہیں کررہے اس لیے جیل میں ہیں، سیاسی جماعت ہیں عمران خان کو رہا کروانے کیلئے گن اٹھا کر اڈیالہ جیل نہیں جاسکتے.
ن لیگ کے سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر عرفان صدیقی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اپنی رہا ئی یا جیل میں سہولتیں بڑھانے کیلئے مذاکرات چاہتے ہیں،اس میں کوئی شک نہیں کہ امریکی ایوان نمائندگان کی قرارداد پی ٹی آئی کی کامیابی ہے، 2018ء کے انتخابات میں ہمیں شکایات رہیں مگر ہم امریکا یا ایوان نمائندگان کو قائل نہیں کرسکے، ہماری نااہلی، نالائقی یا ہم یہ سمجھتے تھے کہ گھر کے کپڑے گھر میں ہی دھونے چاہئیں.
سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی رؤف حسن نے کہا کہ عمران خان شروع میں ہی ہفتہ دس دن میں باہر آسکتے تھے مگر انہوں نے ڈیل نہیں کی، پارلیمنٹ اور قانونی محاذ پر عمران خان کی رہائی کیلئے لڑرہے ہیں، پچھلے چار پانچ ماہ سے ایک مہم چلانے کی بھی کوشش کررہے ہیں، ہمیں ایک جگہ بھی جلسہ کرنے کی اجازت نہیں ملی، اسلام آباد میں جلسہ کیلئے ابھی تک این او سی نہیں دیا گیا۔
رؤف حسن نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت کو آئینی و قانونی حدود میں رہ کر چلانا بہت مشکل کام ہے، مولانا فضل الرحمٰن اور پی ٹی آئی ایک دوسرے کے ساتھ مل کر آگے بڑھنے کی کوشش کررہے ہیں، مولانا فضل الرحمٰن نے این او سی لیے بغیر جلسہ کیا وہ مذہبی پارٹی ہیں ایسا کرسکتے ہیں، ریاست کا مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ رویہ عمران خان کے ساتھ رویے سے بالکل مختلف ہے، پی ٹی آئی کیلئے ریاست میں بالکل عدم برداشت ہے۔
رؤف حسن کا کہنا تھا کہ اداروں کے ٹاؤٹس سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی کی ٹاپ قیادت خلاف بیانیہ چلارہے ہیں، مجھے غدار کہنے والے پارٹی کے حقیقی لوگ نہیں ہیں۔