• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہم لندن کو زیادہ سستا اور رہنے کے قابل شہر بنا سکتے ہیں، کنزرویٹوز

لندن (پی اے) کنزرویٹو پارٹی نے اپنے منشور میں دعویٰ کیا ہے کہ ہم لندن کو زیادہ سستا اور رہنے کے قابل شہر بنا سکتے ہیں۔ بزنس کے وزیر گریگ ہینڈز نے کہا کہ پارٹی کے پاس لندن میں رہنے والے تمام لوگوں کے مفاد کے تحت لندن کو بہتر بنانے کا واضح منصوبہ موجود ہے۔ صادق خان کے 275,00ووٹ کی اکثریت سے تیسری مرتبہ لندن کا میئر منتخب ہونے کے چند ہی ہفتوں کے بعد انھوں نے یہ دعویٰ کیا ہے۔ لندن کیلئے کنزرویٹو پارٹی کا منصوبہ سابقہ اعلان کردہ مختلف پالیسیوں پر مبنی ہے، جس میں پہلی مرتبہ 425,000 پونڈ مالیت تک کی پراپرٹی کی خریداری پر اسٹیمپ ڈیوٹی کی معافی، فی میل کی شرح سے روڈ ٹیکس کا خاتمہ اور میئر کی طرف سے قائم کردہ الٹرا لو امیشن زون میں توسیع کا خاتمہ شامل ہے۔ رائے عامہ کے سروے کے مطابق لیبر کو پورے ملک میں سبقت حاصل ہورہی ہے، ایسی صورت میں ٹوریز کی جانب سے لندن پر توجہ مرکوز کرنے کا سبب دارالحکومت میں اپنی نشستیں بچانے کے حوالے سے ٹوریز کی پریشانی ہوسکتی ہے۔ چیلسی اور فلہیم کے حلقے سے دوبارہ الیکشن میں کھڑے ہونے والے بزنس کے وزیر گریگ ہینڈز نے دعویٰ کیا کہ یولیز میں توسیع جیسے نامناسب ٹیکسوں کے خاتمے، سیلف امپلائیڈ لوگوں کیلئے انشورنس کنٹری بیوشن کے خاتمے اور لندن کے رہنے والوں کیلئے زیادہ گھروں کی تعمیر کے ذریعے ہم لندن کو زیادہ سستا اور رہنے کے قابل شہر بنا سکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ لیبر پارٹی کے صادق خان مکانوں کی تعمیر کا ہدف پورا کرنے اور رات کی معیشت کو سپورٹ کرنے میں بری طرح ناکام رہے ہیں۔ ہمارے پاس لندن کے شہریوں کے مفاد میں لندن کو بہتر بنانے کا واضح پلان موجود ہے۔ کنزرویٹو کے اس حملے کا جواب دیتےہوئے لیبر پارٹی کے ایک ترجمان نے کہا یہ مایوسی کے عالم میں رشی سوناک کی جانب سے اختیار کیا جانے والا حربہ ہے۔ ترجمان نے کہا کہ رشی سوناک کی کنزرویٹو پارٹی لندن کے عوام کے مفاد کیلئے کام کرنے سے زیادہ عام انتخابات کی تاریخ پر شرطیں لگانے میں زیادہ دلچسپی رکھتی ہے، لندن کے عوام، جن میں طول وعرض کے لاکھوں محنت کش شامل ہیں، ٹوریز کے مزید 5سال برداشت نہیں کرسکتے ہیں، لندن کیلئے بہترین چیز لیبر کی حکومت ہے لیکن لیبر کی حکومت اسی وقت قائم ہوگی جب عوام 4 جولائی کو عام انتخابات میں لیبر پارٹی کو ووٹ دیں گے۔

یورپ سے سے مزید