کراچی میں لوڈشیڈنگ کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں کو پولیس نے کےالیکٹرک کی جانب سے مقدمہ درج کروانے پر گرفتار کرلیا۔
کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں کےالیکٹرک کے دفتر کے باہر علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا تھا، مشتعل مظاہرین نے کےالیکٹرک کی گاڑیوں کے شیشے بھی توڑ دیے تھے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) سینٹرل ذیشان صدیقی کا کہنا ہے کہ مظاہرین کے خلاف کےالیکٹرک انتظامیہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ مقدمے میں ہنگامہ آرائی اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ایس ایس پی سینٹرل ذیشان صدیقی کا کہنا ہے کہ ویڈیوز میں نظر آنے والے افراد کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے ہیں، کئی افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
دوسری جانب ایف سی ایریا کے مکینوں نے شریف آباد تھانے کے باہر مظاہرہ کیا، علاقہ مکین مقدمہ درج کروانے اور متعدد افراد کو حراست میں لینے کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔