• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی نے پاکستان کیخلاف سازش کی ہے، عون چوہدری

رہنما استحکام پاکستان پارٹی ۔ عون چوہدری
رہنما استحکام پاکستان پارٹی ۔ عون چوہدری

استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے رہنما عون چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پاکستان کے خلاف ساز ش کی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عون چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی نے 2016ء میں لندن جاکر پی آر فرم کی خدمات حاصل کی تھیں، اس فرم سے ذلفی بخاری نے متعارف کرایا۔

انہوں نے کہا کہ اسی ذلفی بخاری نے ہی یو این ورکنگ گروپ کو پاکستان کیخلاف خط لکھا، پی آر فرم سے کہا گیا تھا کہ ایک کھلاڑی کو قومی لیڈر کے طورپر پیش کرنا ہے، یہ لوگ پاکستان اور مسلح افواج کے خلاف مہم چلاتے ہیں۔

آئی پی پی رہنما نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگ پاکستان مخالف مہم چلانے والوں کو خود بے نقاب کریں، ہمیں پتہ ہے کہ لندن میں بیٹھے لوگوں کو پیسے کون دے رہا ہے، پوری منی ٹریل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کا مقصد ہے، ملک میں انتشار پھیلے، ملک میں آگ لگے، یو این کے جس ورکنگ گروپ کو خط لکھا گیا وہ ایک سیمی گورنمنٹ ادارہ ہے۔

عون چوہدری نے ذلفی بخاری کا نام لیے بغیر کہا کہ اگر آپ نے اپنے لیڈر کو چھڑانا ہے تو پاکستان آؤ، لندن کیوں بھاگ گئے ہو؟ پی ٹی آئی کی آستین میں سانپ ہیں، جنہیں ملک دشمن ایجنسیاں فنڈ کر رہی ہیں، یہ پاکستان کے خلاف دنیا میں لابی بنائی گئی ہے۔

آئی پی پی رہنما نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اداکاری میں تمغے حاصل کیے، پہلے 2 سال ڈرامہ رچایا گیا کہ ان کے خلاف سازش کی گئی ہے، آپ نے پاکستان کے بچے بچے کو بے وقوف بنایا۔

ان کا کہنا تھا کہ جب اپنی اسمبلی میں امریکی قرارداد کے خلاف قرارداد منظور کی تو انہوں نے مخالفت کی، آپ نے ایسا کونسا کارنامہ دکھایا جس سے ملک کا ایک بھی فائدہ ہوا ہو۔

عون چوہدری نے کہا کہ آپ نے پی آر فرم ہائر کی اس کے اخراجات کہاں سے آئے؟ یہ مہم کون چلاتا ہے اس کے پیسے کہاں سے آتے ہیں؟ آپ کو دنیا میں جہاں سے پیسہ مل رہا ہے، وہ سب پاکستان کے عوام کے سامنے لاؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ آپ نے یہودیوں کے ساتھ مل کر پاکستان کے خلاف سازش کی، میں نے جتنے قریب سے ان افراد کو دیکھا شاید ہی کسی نے دیکھا ہو، آپ نے پاکستان کی مسلح افواج کے خلاف گھناؤنی مہم چلائی۔

آئی پی پی رہنما نے کہا کہ یہ افراد تو پی ٹی آئی آفس کے تنخواہ دار تھے وہ یہاں تک کیسے پہنچے؟ بانی پی ٹی آئی عدالتی فیصلوں کی وجہ سے جیل کے اندر ہیں، پی ٹی آئی سانحہ 9 مئی اور جناح ہاؤس پر حملے کی معافی مانگے۔

ان کا کہنا تھا کہ باہر بیٹھا شخص جو ٹوئٹ کررہا ہے اصل مجرم تو وہ ہے، آپ کا مقصد ملک میں انتشار پھیلانا ہے، کبھی چین کے وزٹ کو کہا جاتا ہے فلاپ ہوگیا۔

عون چوہدری نے کہا کہ 2018 ء سے آج تک آپ کو معلوم ہے کہ پی ٹی آئی میں کرپشن کا راج ہے، کونسا ایسا کام ہے جو آپ نے ملک کو نقصان پہنچانے کیلئے نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے پارٹی کیلئے قربانیاں دیں، آج بھی مجھ سے رہنما رابطے کرتے ہیں، پی ٹی آئی میں جو عقل رکھتے ہیں وہ سوچیں، پی ٹی آئی کے سینئرز کو کہنا چاہتا ہوں ان مگرمچھوں کو بے نقاب کریں۔

آئی پی پی رہنما نے کہا کہ آپ ہوتے کون ہو پاکستان کے خلاف بات کرنے والے، آپ شہدا کے لواحقین سے جاکر معافی مانگیں، میں آپ کے ساتھ کھڑا ہوتا ہوں۔ آپ 9 مئی کے واقعات پر معافی مانگیں میں آپ کے ساتھ کھڑا ہوتا ہوں، چیلنج ہے کرو میری ٹرولنگ جہاں ملک کی بات آئے گی آپ کو وہاں کھڑا کروں گا۔

عون چوہدری نے کہا کہ جو بچے آج جیلوں میں ہیں آپ نے ان کا کبھی پوچھا ہے جن کو آپ نے گمراہ کیا، 190 ملین پاؤنڈ کا آپ نے دن دہاڑے ڈاکا مارا ہے۔

قومی خبریں سے مزید