اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ممبران کا تعین آئینی مدت میں کرلیا جائے گا، قائد حزب اختلاف خورشید شاہ سے ملاقات میں انہوں نے وزیراعظم کی طبیعت سے متعلق بھی آگاہ کیا۔
انہوں نے خورشید شاہ سے ملاقات کے موقع پر کہا کہ الیکشن کمیشن ممبران کی تقرری 45 دن میں ہونی ہے،تقرری کی مدت 25 جولائی کو ختم ہورہی ہے،مختلف ناموں پر غور کررہے ہیں، اپوزیشن کی مشاورت سے الیکشن کمیشن ممبران کی تقرری مقررہ وقت میں کرلیں گے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ مشاورتی عمل جاری رہے گا۔اس موقع پر خورشید شاہ نے کہا کہ جمعرات یا جمعہ کو دوبارہ ملاقات ہوگی، تب تک وہ اپوزیشن جماعتوں کو بھی اعتماد میں لے لیں گے۔
خورشید شاہ نے وزیراعظم کی خیریت دریافت کی اور یہ بھی پوچھا کہ وزیراعظم اب کہاں ہیں، جس پر اسحاق ڈار نے کہا کہ وہ بخیریت ہیں اور لاہور میں ہیں۔