پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تجارت بڑھانے کےلیے کراچی پورٹ کو ازبک شہر ترمز سے منسلک کرنے اور ازبکستان، افغانستان، پاکستان ریلوے منصوبے کی جلد تکمیل پر اتفاق کیا گیا ہے۔
شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کی ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوف سے ملاقات ہوئی۔
اس موقع پر کثیرجہتی تعلقات، تجارت، دفاع اور سلامتی کے امور میں تعاون کے فروغ اور ترجیحی تجارتی معاہدے اور پاک ازبکستان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کو عملی جامہ پہنانے پر بھی گفتگو ہوئی۔
دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر وزیر اعظم اور ازبک صدر نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ازبکستان خطے کے ممالک کے لئے تجارت کی توسیع کے حوالے سے ایک ٹرانزٹ پوائنٹ ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اس حوالے دستیاب مختلف آپشنز پر غور کرنے پر اتفاق کیا۔ جبکہ پرامن اور مستحکم افغانستان کے لیے پاکستان اور ازبکستان کے مشترکہ عزم پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنمائوں نے کہا افغانستان خطے کی ترقی اور خوشحالی میں شراکت دار ہو سکتا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق ازبکستان، افغانستان اور پاکستان کے درمیان ریلوے منصوبے کی جلد تکمیل پر بھی بات چیت ہوئی۔