• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بانی پی ٹی آئی کسی قیمت معاملہ فہمی پر تیار نہیں، رانا ثناء


وزیراعظم شہباز شریف مشیر سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کسی قیمت پر معاملہ فہمی پر تیار نہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں گفتگو کے دوران رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا وہی ایجنڈا ہے کہ کسی کو نہیں چھوڑوں گا میں نہیں تو کچھ نہیں۔ اس صورت میں رولز اور آئین کا حوالہ بےسود ہے، یہ تو پھر لڑائی ہے ، پھر اس میں جس سے جو ہوسکے گا وہ کرے گا۔

رانا ثناء اللّٰہ نے مزید کہا کہ افہام و تفہیم کا راستہ تب کھلے گا جب آپ بیٹھ کر بات کریں گے، پارلیمانی جمہوری سسٹم شروع ہی مذاکرات سے ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے اسمبلی میں کہا کہ مسائل کو حل کرنا ہے تو بیٹھ کر بات کریں اور حل نکالیں، یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ جو کچھ ہورہا ہے اس میں پی ٹی آئی کا اپنا کتنا کردار ہے۔

وزیراعظم کے مشیر نے یہ بھی کہا کہ شہباز شریف نے پارلیمنٹ میں مذاکرات کی بات کردی، اب مذاکرات کا راستہ نہیں اپنا یاجاتا تو پھر دوسرا راستہ تصادم کا ہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب دوسرا راستہ تصادم ہے تو پھر اس میں لحاظ کس بات کا؟ بانی پی ٹی آئی نے 2014 سے تصادم کا راستہ اختیار کیا ہے ان کے ہاں اس کے سوا کوئی راستہ ہے ہی نہیں۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ نظام میں خرابی کو سیاستدانوں اور سیاسی جماعتوں نے ہی ٹھیک کرنا ہے، ہم بھی کہتے تھے کہ آر ٹی ایس بٹھاکر ہم سے سیٹیں چھینی گئی تب حکومت کہتی تھی ٹریبونل میں جائیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ عزم استحکام آپریشن کی ضرورت ہے، حکومت تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے گی، اپوزیشن کی آپریشن سے متعلق کوئی رائے ہے تو پارلیمنٹ کے اندر اور باہر بھی دے سکتی ہے۔

قومی خبریں سے مزید