• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بانی پی ٹی آئی کی رہائی قریب ہے، بیرسٹر علی ظفر


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی قریب ہے، ان کے خلاف آخری کیس عدت کا ہے جس کے لیے قانونی ٹیم نے منصوبہ بندی کرلی ہے۔

 جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ عدت کیس کے بعد ایسا کوئی کیس نہیں ہے جس میں بانی پی ٹی آئی کو جیل میں رکھا جائے۔

بیرسٹر علی ظفر کے جواب میں پروگرام میں شریک  رہنما ن لیگ رانا ثناء اللّٰہ نے جواب دیا ’دل کو خوش رکھنے کو غالب یہ خیال اچھا ہے‘، اور کہا کہ اگر پی ٹی آئی افہام و تفہیم کا راستہ نہیں نکالے گی تو پھر تصادم کا ہی راستہ بچے گا۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ الیکشن سے متعلق بےضابطگیوں کو عدالت میں پیش کرنا چاہتے ہیں، عدالت نے کہا یہ الیکشن کمیشن کا معاملہ ہے، الیکشن کمیشن نے کہا ٹریبونل میں جائیں، الیکشن ٹریبونل کے پاس گئے تو الیکشن کمیشن نے جج صاحبان پر اعتراض کردیا، ہم سپریم کورٹ بھی گئے ایک پٹیشن زیر التواء ہے، کچھ پٹیشنز واپس کی گئیں کہ ٹریبونل میں جائیں۔

 علی ظفر نے کہا کہ جج صاحبان پر اعتراض سے متعلق فیصلہ آیا تو اس کو چیلنج کیا گیا، ہائیکورٹ نے کہا کہ ہم ٹریبونل کا فیصلہ کریں گے حکومت آرڈیننس لائی کہ ریٹائرڈ ججز لگائیں گے، آرڈیننس کو عدالت نے معطل کیا تو اب حکومت قومی اسمبلی سے ایکٹ لے کر آئی ہے۔

بیرسٹر علی ظفر نے مزید کہا کہ حکومت اسمبلی سے ایکٹ لے کر آئی کہ الیکشن کمیشن ریٹائرڈ ججز ٹریبونل میں لگائے گا، یہ ایکٹ کل سینیٹ میں پیش ہو رہا ہے لگتا ہے کہ بلڈوز کیا جائے گا اور اس ایکٹ پر بحث نہیں ہوگی، حکومت بھاگ رہی ہے لیکن جو فیصلہ کرنا ہے عدالتوں نے کرنا ہے۔

قومی خبریں سے مزید