• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہم پہلے چین کے اتحادی ہیں، پھر کسی اور کےاتحادی ہیں، صدر مملکت آصف علی زرداری


صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ ہم پہلے چین کے اتحادی ہیں، پھر کسی اور کے اتحادی ہیں۔

آصف زرداری  نے بیجنگ میں اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ سے ملاقات کی، بیجنگ کے گریٹ ہال آف چائنہ پہنچنے پر صدر مملکت آصف علی زرداری کے اعزاز میں گارڈ آف آنر دیا گیا، اس ملاقات میں چینیوں کی پاکستان میں سیکیورٹی اور سی پیک منصوبوں پر بات ہوئی ہے۔

ملاقات میں علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بات چیت کے ساتھ ساتھ
دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کرنے کے ساتھ  شراکت داری کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کے مواقع پر بھی گفتگو کی گئی۔

صدر مملکت نے کہا کہ چین کی مثالی ترقی اور خوشحالی چینی قیادت کے وژن اور عوام کی فعالیت کا مظہر ہے۔

آصف زرداری نے  عالمی ترقی میں چین کے تعاون پر چینی صدر کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔

اس موقع پر چینی صدر نے کہا کہ چین اور پاکستان اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت دار ہیں، چین اور پاکستان کے درمیان پائیدار روایتی دوستی تاریخی ہے، پاک چین دوستی دونوں ممالک اور ان کے عوام کا قیمتی اثاثہ ہے۔

چینی صدر نے کہا کہ دونوں ممالک نے سی پیک کی تعمیر، مختلف شعبوں میں تعاون کو مضبوطی سے آگے بڑھایا، پاکستان تعاون دو طرفہ تعلقات کے لیے ایک مثال ہے۔

ملاقات کے موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وفد کے اراکین بھی موجود تھے۔

صدر زرداری نے بیجنگ میں چین کی نیشنل پیپلز کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین چاؤلے چی سے بھی ملاقات کی، جس میں پاک چین اقتصادی راہ داری کی ترقی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سائنس اور ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی، بنیادی ڈھانچے اور زرعی شعبے میں تعاون کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

صدر مملکت نے بیجنگ میں چین کے قومی ہیروز کی یادگار کا بھی دورہ کیا، جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہیروز کی یادگار پر پھول رکھے۔

قومی خبریں سے مزید