اڈیالہ جیل کے باہر موجود پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنماؤں کے دونوں گروپوں کو طویل انتظار کے باوجود بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں ملی۔
پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کی اڈیالہ جیل کے اہلکاروں سے تلخ کلامی بھی ہوئی انہوں نے کہا کہ 2 گھنٹوں سے انتظار میں بیٹھے ہوئے ہیں ملاقات کی اجازت کیوں نہیں دی جا رہی۔
بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کےلیے ایک گروپ میں شامل شبلی فراز، عمر ایوب، رؤف حسن اور دوسرے گروپ میں شاندانہ گلزار، شہریار آفریدی اور جنید اکبر اڈیالہ جیل پہنچے تھے۔
عمر ایوب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج عدالتی حکم کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے ملاقات طے تھی، کئی گھنٹے انتظار کے باوجود جیل حکام نے ملنے نہیں دیا، سب کو تحریک استحقاق کے ذریعے لائن حاضر کریں گے، ان سے پوچھا جائے گا ملاقات سے کیوں روکا گیا؟
سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ منتخب لوگوں کی تذلیل کی جا رہی ہے، قائد سے ملاقات ان کا حق ہے، کرائے کے لوگوں کو پارٹی کی تقسیم کے لیے آگے کیا گیا ہے، یہ مخالفین کا ایک حربہ ہے، پی ٹی آئی میں کوئی اختلافات نہیں ہے۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی نے آج پارٹی میں گروپنگ اور تقسیم پر پارٹی رہنماؤں کو اڈیالہ جیل طلب کیا تھا۔
گزشتہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی نے پارٹی میں گروپنگ کا اعتراف کرتے ہوئے دونوں گروپوں کو اڈیالہ جیل میں ملاقات کے لیے بلانے کا اعلان کیا تھا۔