پیٹرولیم ڈیلرز ایسو سی ایشن عبدالسمیع خان گروپ نے کل سے ہڑتال کا اعلان کردیا۔
چیئرمین پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن عبدالسمیع خان کا کہنا ہے کہ وزیر خزانہ، چیئرمین ایف بی آر، چیئرمین اوگرا سے ملاقاتیں ہوئیں، حکومت کے ساتھ مذاکرات میں کوئی نتیجہ نہ نکلا۔
انہوں نے کہا کہ ہڑتال کی جائے گی، اتنے ٹیکسوں سے کاروبار نہیں چل سکتے، آج رات سے ملک بھر کے پمپس ڈرائی کرنا شروع کردیں گے۔
چیئرمین پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے مزید کہا کہ جب تک حکومت مطالبات مان نہیں لیتی کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔
عبد السمیع خان نے کہا کہ بجٹ میں ڈیلرز پر ایڈوانس ٹیکس 0.5 فیصد عائد کیا گیا، حکومت سے بارہا مطالبہ کیا ٹیکس واپس لیا جائے۔
چیئرمین پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے کہا کہ مطالبات نہیں مانے جارہے، ہڑتال کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن نہیں۔
نائب صدر پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن پنجاب ماجد انصاری نے کہا کہ 5 جولائی کو ہڑتال ہوگی، ایسوسی ایشن اور حکومت کے درمیان مذاکرات ناکام ہوگئے تھے۔
دوسری جانب ایسوسی ایشن کے پنجاب کے رہنماؤں نے ہڑتال پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن پنجاب کے رہنما کا کہنا ہے کہ پنجاب میں جزوی ہڑتال کا امکان ہے۔