برطانوی وزیرِاعظم رشی سونک نے برطانیہ کے عام انتخابات میں شکست تسلیم کرتے ہوئےپارٹی عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے۔
پارٹی شکست کے بعد رشی سونک نے 10 ڈاوئنگ اسٹریٹ کے باہر الوداعی خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں تسلیم کرتا ہوں کہ ہم ڈیلیور نہیں کر پائے، جلد کنگ چارلس کو استعفیٰ پیش کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ شکست کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں، کیئر اسٹامر ایک مہذب شخص ہیں،جن کا احترام کرتا ہوں۔
برطانوی وزیر اعظم نے کہا کہ نئے لیڈر تک ذمہ داری ادا کرتا رہوں گا، وزیر اعظم بن کر معیشت کی بحالی کی کوشش کی، منہگائی میں کمی آئی اور معیشت ترقی کر رہی ہے۔
رشی سونک نے کہا کہ عوام کے غصے اور مایوسی کا احساس ہے، اس نقصان کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں، سر کئیر اسٹارمر کی بطور وزیراعظم کامیابی ہم سب کی کامیابی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ لیبر پارٹی جیت چکی، میں نے سر کئیر اسٹارمر کو فون کرکے مبارکباد دی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ برطانوی عوام نے ایک سنجیدہ فیصلہ سنایا ہے، میں نقصان کی ذمہ داری اٹھاتا ہوں۔
رشی سونک نے کہا کہ وزیر اعظم بننے کے بعد میرا سب سے اہم کام معیشت مستحکم کرنا تھا، سرکیئراسٹارمر سے اختلاف رہا لیکن وہ ایک مہذب اور عوام دوست انسان ہیں۔