بلوچستان کے مکران ڈویژن میں بجلی کی سپلائی معطل ہے۔ کوئٹہ سے کیسکو حکام کے مطابق ایران سے گوادر، کیچ اور پنجگور کے گرڈ اسٹیشنوں کو بجلی کی سپلائی معطل ہے۔
کیسکو حکام کے مطابق بجلی کی سپلائی ایران میں بجلی کی طلب میں اضافہ کے باعث معطل ہوئی ہے۔
حکام نے بتایا کہ متاثرہ گرڈ اسٹیشنز میں مند، تُمپ، تُربت، ہوشاب، پنجگور، جیوانی، گوادر اور ڈور گرڈ شامل ہیں جبکہ گوادر ڈیپ سی پورٹ، نیو گوادر ایئر پورٹ، پسنی اور اورماڑہ گرڈ اسٹیشنز بھی متاثر ہوئے ہیں۔
کیسکو حکام کا کہنا ہے کہ بجلی بحالی کے سلسلے میں ایرانی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ پنجگور اور تربت کو نیشنل گرڈ سے منسلک کر کے بجلی دی جا رہی ہے۔ توقع ہے ایران سے بجلی جلد بحال ہونے سے صورتحال معمول پر آجائے گی۔