محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں میں آج ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو کراچی میں سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 58 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
بارش کے باعث منگل کو کراچی میں کئی پروازیں منسوخ کردی گئیں جبکہ 18 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔
بارش سے شہر بھر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا، اہم اور مرکزی شاہراہوں پر بارش کا پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے رات گئے شہر کا دورہ کیا اور کہا کہ کراچی کی صورتحال بہتر ہے، نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کا کام کر لیا گیا ہے۔
دوسری جانب آج سے 16 جولائی کے دوران اسلام آباد، پنجاب، کشمیر میں میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے بحیرہ عرب سے مون سون ہوائیں ملک میں داخل ہوں گی جو بارشوں کا سبب بنیں گی۔
11 سے15 جولائی کے دوران خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان جبکہ 12 سے 14جولائی کے دوران بلوچستان کے بعض مقامات بر بادل برس سکتے ہیں۔
12 اور 13 جولائی کو سکھر، لاڑکانہ اور جیکب آباد میں آندھی اور بارش کا امکان ہے۔