• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر جو بائیڈن کے پارکنسن کے علاج سے متعلق گردشی خبروں پر وائٹ ہاؤس کی تردید

تصویر بشکریہ نیویارک ٹائمز
تصویر بشکریہ نیویارک ٹائمز

وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرین جین پیئر نے امریکی صدر جو بائیڈن کے پارکنسن کے علاج سے متعلق گردشی خبروں کی تردید کر دی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرین جین پیئر نے پیر کو ہونے والی پریس کانفرنس کے دوران امریکی صدر جو بائیڈن سے متعلق گردشی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر جو بائیڈن کا رعشے کی بیماری یعنی پارکنسن کا علاج نہیں ہو رہا ہے۔

اسی پریس کانفرنس کے دوران وائٹ ہاؤس کی خاتون ترجمان اور ایک صحافی کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔ بعدازاں وائٹ ہاؤس کے معالج ڈاکٹڑ کیون او کونر نے اس حوالے سے باضابطہ خط جاری کیا۔

انہوں نے اپنے خط میں لکھا کہ صدر جو بائیڈن نے اپنے سالانہ طبی معائنہ کے علاوہ کسی دوسرے  نیورولوجسٹ سے رجوع نہیں کیا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ والٹر ریڈ نیشنل ملٹری میڈیکل سینٹر سے وابستہ پارکنسن کے ایک ماہر ڈاکٹر گزشتہ 8 ماہ کے دوران 8 بار وائٹ ہاؤس کا دورہ کرچکے ہیں۔

ان کے مطابق ڈاکٹڑ کیون کینرڈ ان 8 دوروں میں سے کم از کم ایک مرتبہ صدر بائیڈن سے ملاقات کے لیے گئے تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وائٹ ہاؤس کا دورہ کرنے والوں کے سرکاری ریکارڈ کے مطابق مذکورہ ڈاکٹر نے یہ دورے جولائی 2023 سے مارچ 2024 کے درمیان کئے۔

البتہ یہ بات واضح نہیں ہوئی کہ آیا ڈاکٹر کیون کینرڈ بالخصوص صدر کے حوالے سے مشاورت کے لیے وائٹ ہاؤس گئے تھے یا پھر ان کی موجودگی غیر متعلقہ ملاقاتوں کے سلسلے میں تھی۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید