انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں اننگز اور 114 رنز سے شکست دے دی۔
ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن ویسٹ انڈیز کی ٹیم دوسری اننگز میں 136 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔
دوسری اننگز میں میزبان انگلینڈ کی طرف گس ایٹکنسن نے 61 رنز کے عوض 5 وکٹ حاصل کیں جبکہ جیمز اینڈرس 3 اور بین اسٹوکس 2 کھلاڑی کی وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔
ویسٹ انڈیز کے گداکیش موتی 31 رنز بناکر ناقابل شکست رہے جبکہ الیک اتھانیز 22، جیسن ہولڈر 20 اور میکائل لوئیس 14 رنز کے ساتھ نمایاں اسکورر رہے۔
ویسٹ انڈیز ٹیم جو پہلی اننگز میں 121 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی، جس کے جواب میں انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 371 رنز بناکر آؤٹ ہوئی تھی۔
مہمان ٹیم نے پہلی اننگز کا 250 رنز کا خسارہ پورا کرنے کے ساتھ انگلینڈ کے لیے اچھا ہدف تیار کرنا تھا لیکن ویسٹ انڈیز ٹیم دوسری اننگز میں 136 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔
ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو میچ کھیلنے والے 26 سالہ گس ایٹکنسن نے مجموعی طور 12 وکٹ حاصل کیں، انہوں نے پہلی اننگز میں 45 رنز دے کر 7 جبکہ دوسری باری میں 61 رنز کے عوض 5 وکٹ اپنے نام کیے، انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔