آزاد حيثیت میں جیتنے والے تحریک انصاف کے رہنماؤں کو سنی اتحاد کونسل میں کس نے شامل کروایا، پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے بتا دیا۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وہ اس فیصلے کی ذمہ داری لیتے ہيں، شمولیت کا فیصلہ سب نے مل کر کیا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سپریم کورٹ نے یہ نہیں کہا کہ سنی اتحاد کونسل جوائن نہیں کر سکتے تھے، ہم سب نے اکٹھے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کا فیصلہ کیا تھا، سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کے فیصلے کی ذمہ داری لیتا ہوں۔
پی ٹی آئی رہنما حامد خان نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کا فیصلہ مخصوص حالات میں ہوا جب دیوار سے لگایا گیا، بانی پی ٹی آئی تو جیل میں تھے تو پارٹی کی سینٹرل کمیٹی نے فیصلہ کیا۔
علی محمد خان نے کہا کہ میں نے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کی مخالفت کی تھی، میں نےکہا تھا کہ پی ٹی آئی میں ہی رہیں عدالت سے نشستیں لے لیں گے، سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کیلئے پارٹی میں اکثریت نے فیصلہ کیا تو مان لیا۔
سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ مجھ سے بیرسٹر گوہر، عمر ایوب اور شبلی فراز نے رابطہ کیا تھا، تینوں رہنماؤں کے رابطے کے بعد بانی پی ٹی آئی کا پیغام مجھے بھجوایا گیا تھا، الیکشن سے قبل بھی ان معاملات پر رابطے تھے۔