ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے کبھی نہیں کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سیاسی پارٹی نہیں ہے، پی ٹی آئی ایک سیاسی پارٹی ہے، نام سیاسی پارٹیوں کی لسٹ میں شامل ہے۔
الیکشن کمیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی بطور سیاسی جماعت الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر موجود ہے، الیکشن کمیشن نے کسی فیصلے کی غلط تشریح نہیں کی۔
ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے انٹراپارٹی الیکشن کو درست قرار نہیں دیا، انٹراپارٹی الیکشن پر پی ٹی آئی مختلف فورمز پر گئی، الیکشن کمیشن کے فیصلےکو برقرار رکھا گیا۔
الیکشن کمیشن ذرائع نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن درست نہ ہونے پر بلے کا نشان واپس لیا گیا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آج کے فیصلے میں 39 ارکان کو پی ٹی آئی کا ایم این اے قرار دیا گیا ہے، ان ارکان نے اپنے کاغذات نامزدگی میں پی ٹی آئی سے اپنی وابستگی ظاہر کی تھی، کسی بھی پارٹی کا امیدوار ہونے کیلئے پارٹی ٹکٹ اور ڈیکلریشن آر او کے پاس جمع کروانا ضروری ہے۔
الیکشن کمیشن کے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ان امیدواروں نے آر او کو پارٹی ٹکٹ اور ڈیکلریشن جمع نہیں کروایا تھا، ریٹرننگ آفیسروں کیلئے یہ ممکن نہیں تھا وہ ان کو پی ٹی آئی کا امیدوار ڈیکلیر کرتے۔