انسان کو جتنی اچھی نیند اپنے بیڈ پر اور جتنا سکون اپنے بیڈروم میں ملتا ہے، کہیں اور نہیں مل سکتا۔ اس کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ انسان اپنے بیڈ روم کے ماحول سے مانوس ہوجاتا ہے اور اسے وہاں اپنائیت کا احساس ہوتا ہے، اس لیے اسے وہاں سکون اور اطمینان کا احساس ہوتا ہے۔ بیڈ روم وہ جگہ ہے جہاں انسان ایک مصروف دن کے بعد آرام کرتا اور پُرسکون وقت گزارتا ہے۔ یہاں آرام کرکے آپ کا جسم تروتازہ اور اگلے دن کے لیے تیار ہوجاتا ہے۔
جدید دور میں بڑھتی شہر گیری کے باعث اپارٹمنٹس کا رجحان بہت بڑھ گیا ہے، جس کے باعث انسان کو محدود جگہ میں رہنا پڑتا ہے۔ ایک اوسط سائز کے اپارٹمنٹ میں کمروں کا سائز بس مناسب ہی ہوتا ہےاور خواہش ہوتی ہے کہ کمروں کا سائز اگر تھوڑا بڑا ہوتا تو شاید بہتر ہوتا۔ اس کے علاوہ، گھر میں زیادہ سامان بھرنے کی وجہ سے بھی کبھی کبھی ہمیں کمرے چھوٹے لگتے ہیں۔
اگر بیڈ روم کی بات کریں تو وہاں بھی یہی مسئلہ درپیش رہتا ہے۔اگر آپ کو بھی ایسا ہی کچھ محسوس ہوتا ہے یا اگر آپ کے گھر میں کوئی ایسا چھوٹا کمرہ ہے، جسے آپ بیڈ روم کے طور پر استعمال میں لانا چاہتے ہیں توآپ کو چھوٹی خواب گاہوں کے لیے پیش کردہ تجاویز پر ایک نظر ڈالنی چاہیے۔ آپ ایک چھوٹی سی جگہ کو کشادہ رکھتے ہوئے وہاں سکون سے سو سکتے ہیں۔
سادہ اور روشن
جب کمرہ چھوٹا ہو تو اس کا پورا ماحول ہم آہنگ ہونا چاہیے۔ اس مقصد کیلئے سفید رنگ مددگار ثابت ہو گا، جو کمرے کو کشادہ دکھائے گا۔ آپ کو یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ ہم چھوٹے کمرے کو بہت زیادہ سامان سے بھر نہیں سکتے، تو آپ نے بس اتنا فرنیچر رکھنا ہے، جو کمرے کو بھرے بغیر اسے پرآسائش بنا سکے۔
الماریوں کی ترتیب
بیڈ روم بہت سی الماریوں اور درازوں کے درمیان بھی گھرا ہوسکتا ہے۔اگر آپ ایک ایسا چھوٹا کمرہ چاہتے ہیں، جس میں آپ کا تمام سامان آجائے تو بیڈ کے نیچے لگی درازیں استعمال کریں۔ اگر کمرے میں بیڈ موجود نہیں ہے تو بستر صرف اسی وقت لگائیں، جب اس کی ضرورت ہو۔
فولڈنگ بیڈ
یہ تجویز ان لوگوں کے لیے بہترین ہے، جن کے بچےا سکول جاتے ہیں۔ اسٹڈی کی دیوار میں ایک فولڈنگ بیڈ جڑا ہوا ہوتا ہے۔ فولڈ کرنے پر یہ کسی جادو کی طرح دیوار میں غائب ہو جاتا ہے۔ یہ آسان بھی ہے اور آجکل استعمال میں بھی ہے۔ کئی لوگ سمجھتے ہیں کہ فولڈنگ بیڈ ایک پرانا اور بے کار ڈیزائن ہے مگر یہ بہت کارآمد بھی ہوسکتا ہے، خاص طور پر آپ کے چھوٹے بیڈروم کیلئے۔ بیڈ کے ساتھ شیلف بنی ہوں تو یہ اور بھی اچھا ہے۔
صوفہ کم بیڈ
صوفہ کم بیڈ آپ کی چھوٹی خوابگاہ کیلئے آئیڈیل ہوسکتا ہے۔ ضروری نہیں کہ آپ اسے بیڈروم میں رکھیں بلکہ اسے ڈرائنگ روم میں بھی رکھا جاسکتا ہے اور وقت آنے پر سونے کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
نیا رنگ و روغن
آپ ہفتہ وار چھٹی کے دوران اپنی خوابگاہ میں نیا روغن کرواسکتے ہیں، جس سے اس میں فوری بہتری آجائے گی۔ رنگ زندگی کا احساس دِلاتے اور کشش کا باعث بنتے ہیں۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ دیواروں کے لئے آپ جو رنگ منتخب کریں وہ باقی کمرے کی سجاوٹ اور ڈیزائن سے ہم آہنگ ہو۔ اگر آپ گہرے رنگوں کا استعمال کر رہے ہوں تو اس بات کا یقین کرلیں کہ اس جگہ قدرتی روشنی کافی مقدار میں آتی ہو۔
آئینہ
ظاہر ہے ایک چھوٹے بیڈ روم میں (یا گھرکے کسی بھی اور کمرے میں) آئینہ لگانا ایک اچھی تجویز ہے کیونکہ یہ کمرے کو کشادگی عطا کرتا ہے۔ آپ تصویر کی طرح الماریوں پر آئینہ لگا سکتے ہیں کیونکہ اس طرح آئینہ فرش سے چھت تک نظر آئے گا۔ اس کے علاوہ آپ کسی دیوار پر بھی آئینہ لگا سکتے ہیں۔
وال پیپرز
جگہ کی کمی سے دھیان ہٹانے کے لیے وال پیپرز بھی ایک اچھا حل ہیں۔ دیواروں پر تھری ڈی یا خوبصورت وال پیپرز لگے ہوں تو یہ اتنے دلکش نظر آتے ہیں کہ اس میں کھو کر ہم جگہ کی کمی کے بارے میں سوچنا بھول جاتے ہیں۔ بعض تھری ڈی وال پیپرز اتنی گہرائی دکھاتے ہیں کہ ایسا لگتاہے کہ آپ اسی منظر کا حصہ ہیں۔
لیمپ
اپنی خوابگاہ میں مکمل طورسے رومانوی اور خوبصورت ماحول پیدا کرنے کیلئے روشنیوں کی تعداد کو بڑھائیں۔ دیدہ زیب لیمپ یا چھت پر لگانے کے لیے ہلکی تیز روشنیاں خرید کرلائیں۔ ایسا کرنے سے آپ کو سونے کی جگہ گرمائش اور آرام کا ایک چھوٹا سا نخلستان محسوس ہوگی۔ بہتر تو یہ ہے کہ LED لائٹس لگا لیں کیونکہ یہ ماحول دوست ہونے کے ساتھ خوابگاہ میں نرم اور ہلکی روشنی پیدا کرتی ہیں۔
کم سے کم سامان
اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کی خوابگاہ صاف ستھری ہو اور اس میں کم سے کم سامان ہو۔ اس سے آپ اپنی خوابگاہ کو ایک ایسی جگہ میں بدلنے میں کامیاب ہو جائیں گے، جہاں آپ کو آرام کرنا اچھا لگے۔ اپنی اشیاکو ترتیب سے خانہ دار الماریوں یا شیلف میں لگادینے سے آپ کو اضافی جگہ میسر آجائے گی، جو دیکھنے میں بھی بھلی لگے گی۔
تازہ ہوا
کبھی کبھار خوابگاہ کی نئی آرائش کا مطلب صرف اتنا ہوتا ہے کہ کھڑکیاں اور دروازے کھول دیئے جائیں اور تازہ ہوا اور سورج کی روشنی کو اندر آنے دیا جائے۔ ایسا کرنے سے مکینوں کو باہر کا نظارہ دیکھنے کا موقع ملتا ہے، ساتھ ہی کشادگی کا احساس بھی ہوتا ہے۔