قاتلانہ حملے میں زخمی امریکا کےسابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تصدیق کی ہے کہ انہیں دائیں کان کے بالائی حصے پر گولی ماری گئی ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ مجھے اسی لمحے احساس ہو گیا تھا کہ کچھ خراب ہوا ہے، میں نے گولیاں چلنے کی آواز بھی سنی تھی اور محسوس کیا تھا کہ گولی نے میرے جسم کو گھاؤ لگایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کافی خون بہا جس سے مجھے اور احساس ہوا کہ میرے ساتھ یہ ہوا کیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے بروقت کارروائی پر سیکریٹ سروسز اورقانون نافذ کرنے والے اہلکاروں سے اظہارِ تشکر بھی کیا ہے۔
ساتھ ہی انہوں نے ریلی میں شریک اپنے حامی کی گولی لگنے سے موت پر لواحقین سے اظہارِ تعزیت کیا ہے اور اپنے دوسرے شدید زخمی حامی کے خاندان سے اظہارِ افسوس کیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ یہ حیران کن ہے کہ ایسا واقعہ ہمارے ملک میں پیش آ سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت تک یہ معلوم نہیں کہ حملہ آور کون تھا جو کہ اب مارا جا چکا ہے۔
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے پیغام کا اختتام ’خدا امریکا پر رحمت نازل کرے‘ کہہ کر کیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکا کے ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ انتخابی ریلی کے دوران فائرنگ سے زخمی ہو گئے۔
ڈونلڈ ٹرمپ پنسلوینیا کے علاقے بٹلر میں منعقدہ ریلی کے شرکا سے خطاب کے لیے اسٹیج پر موجود تھے جب ان پر فائرنگ ہوئی، گولی بظاہر ٹرمپ کے کان کو چھوتی ہوئی نکل گئی۔
انتخابی ریلی کے دوران فائرنگ کرنے والا حملہ آور مارا گیا جبکہ ایک دوسرا شخص بھی ہلاک ہوا ہے۔