مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ ہم نے سیاست اور سیاسی جماعت پر پابندی نہیں لگائی، ریاست مخالف جماعت کے خلاف ریفرنس سپریم کورٹ بھیجا ہے۔
ایک بیان میں طلال چوہدری نے کہا کہ حکومت کے بعد نگراں حکومت نے بھی اس آپشن کو روکا، جب انصاف نہ ملے تو یہ سب کرنے والی جماعت پر پابندی نہ لگائی جائے تو کیا کریں۔
طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ ایسے ماحول میں وفاقی حکومت نے اپنا فرض ادا کیا ہے، ہمیں پتہ ہے تنقید ہو گی، فرض نبھانا تنقید سے زیادہ ضروری تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان اور ریاست کا کیس لے کر جا رہے ہیں، 9 مئی پر کوئی سزا ہوئی، فارن فنڈنگ میں آج تک کسی کو سزا نہیں ہوئی۔
ن لیگی رہنما کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے آج تک 9 مئی واقعات پر مذمت نہیں کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا تھا۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کے معاملے پر کافی دیر سے غور جاری تھا، پی ٹی آئی پر پابندی کا معاملہ اگلے کابینہ اجلاس میں آ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ فیصلہ حکومتی اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بعد کیا ہے۔