امریکی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ خفیہ ذرائع نے بتایا تھا ایران ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کروانے کی سازش کر سکتا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی حکام کو ٹرمپ کے قتل کی ایرانی سازش کی انٹیلیجنس معلومات ملی تھیں، یہ رپورٹ کئی ہفتے قبل ملی تھی جس پر سابق صدر کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی تھی۔
امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق ٹرمپ پر حملہ کرنے والے اور ایرانی سازش کے درمیان اب تک کوئی تعلق نہیں ملا ہے۔
دوسری جانب امریکی قومی سلامتی کے اہلکار کا کہنا ہے کہ سیکرٹ سروس اور ٹرمپ کی الیکشن ٹیم کو ریلی سے پہلے خطرے سے آگاہ کر دیا تھا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی الیکشن ٹیم نے قتل کے منصوبے یا سازش کا علم ہونے کی تصدیق کرنے سے گریز کیا ہے۔
سابق صدر کے الیکشن کمپئین سیل کی جانب سے بیان سامنے آیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی سیکیورٹی کی تفصیلات پر تبصرہ نہیں کرتے، تمام سوالات امریکی سیکریٹ سروس کو بھیجے جائیں گے۔
ادھر اقوامِ متحدہ میں ایران کے مستقل مشن نے ڈونلڈ ٹرمپ کے قتل کی ایرانی سازش کی تردید کی ہے۔
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مشن کے ترجمان نے امریکی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی نظر میں ٹرمپ ایک مجرم ہیں، ٹرمپ پر مقدمہ چلایا جانا چاہیے کہ انہوں نے جنرل سلیمانی کے قتل کا حکم دیا تھا۔
ترجمان ایران مشن یو این نے کہا کہ ایران نے اس معاملے میں انصاف کے لیے قانون کا راستہ منتخب کیا ہے۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ پر حملہ کرنے والا تھامس میتھیو کروکس امریکی سیکریٹ سروس کے ایجنٹس کی جوابی فائرنگ میں مارا گیا تھا۔