• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آن لائن ذرائع آمدنی منہگائی کا بہترین توڑ

ہوش رُبا گرانی کے اس دَور میں ہر دوسرا شخص اپنی آمدنی میں اضافے کے لیے سرگرداں ہے۔ تاہم، وہ کہتے ہیں ناں کہ ’’بُحران ہی میں مواقع پوشیدہ ہوتے ہیں‘‘، تو آج ہمیں ایسے درجنوں آن لائن پلیٹ فارمز بھی دست یاب ہیں کہ جن کے ذریعے ہم گھر بیٹھے اپنی آمدنی بڑھا سکتے ہیں۔ اگر آپ جُز وقتی یا کُل وقتی طور پر آن لائن کام کر کے گھر بیٹھے پیسے کمانا چاہتے ہیں، تو یہ تحریر یقیناً آپ کے لیے فائدہ مند ثابت ہو گی۔ 

زیرِ نظر مضمون میں آمدنی کے آن لائن ذرائع سے متعلق حقائق، مستقبل قریب میں آپ کے لیے سود مند ثابت ہونے والی اسکلز یا مہارتوں اور اُن با اعتماد اور مستند آن لائن پلیٹ فارمز سے متعلق آگہی فراہم کی جا رہی ہے کہ جن کے ذریعے آپ نِت نئی مہارتیں سیکھ کر پیسا کما سکتے ہیں، لیکن یاد رہے کہ آن لائن پلیٹ فارمز سے پیسا کمانے کے لیے آپ کو محنت، لگن، مستقل مزاجی اور صبر و تحمّل کا مظاہرہ کرنا ہو گا، بہ صورتِ دیگر تھکاوٹ اور مایوسی کے سوا آپ کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا۔

آن لائن ٹریڈنگ

آپ نے یہ اصطلاح اس سے پہلے ضرور سُنی ہو گی اور بعض افراد اس سے واقف بلکہ وابستہ بھی ہوں گے۔ بہر کیف، آن لائن ٹریڈنگ وہ عمل ہے، جس میں فاریکس ٹریڈنگ یا کرپٹو کرنسی ( بِٹ کوائن وغیرہ) کی خریدوفروخت کی جاتی ہے اور اس کی قیمت میں ردّ و بدل پر نفع یا نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔ اب آپ یہ سوچ رہے ہوں گے کہ آخر ’’فاریکس ٹریڈنگ‘‘ ہے کیا ؟ فاریکس ٹریڈنگ دراصل ایک ایسا عمل ہے، جس میں بین الاقوامی سطح پر کرنسی خریدی اور بیچی جاتی ہے۔ 

عام طور خریدار فاریکس ٹریڈنگ میں مختلف اقسام کے کوائنز اس اُمید پر خریدتے ہیں کہ اُن کی قیمت بڑھنے پر وہ منافع کمائیں گے۔ یہ بالکل اسی طرح ہے کہ جیسے آج سے چند سال پہلے جن لوگوں نے 150روپے میں یو ایس ڈالر خریدا، وہ آج اسے تقریباً300روپے میں فروخت کر کے دُگنا منافع کما رہے ہیں۔ فرق بس اتنا ہے کہ فاریکس ٹریڈنگ میں فائدہ زیادہ ہوتا ہے اور زیادہ انتظار بھی نہیں کرنا پڑتا۔ 

نیز، اس ٹریڈنگ میں قیمتوں میں فوراً اُتار چڑھاؤ آتا ہے اور منافعے کے ساتھ نقصان کا بھی امکان ہوتا ہے، جب کہ بعض اوقات ایسا بھی ہوتا ہے کہ آپ نے کوئی کوائن خریدا اور اگلے ہی روز اس کی قیمت گر گئی اور یوں آپ کو نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ایسی صورت میں آپ کو اپنی سرمایہ کاری کی حفاظت کا طریقۂ کار معلوم ہونا چاہیے، تاکہ نقصان کی صورت میں یہ محفوظ رہے۔ بہت سے افراد کوائن کی تھوڑی سی قیمت گرنے ہی پر اُسےاس ڈرسے فوراً فروخت کر دیتے ہیں کہ کہیں نقصان نہ ہو جائے۔ 

یاد رہے کہ یہ ایک غلط روِش ہے، کیوں کہ کسی بھی کرنسی کی قدر ہمیشہ کم نہیں رہتی اور جلد یا بدیر اس میں اضافہ ہو ہی جاتا ہے۔ لہٰذا، کوائن کی قدر گھٹنے کی صُورت اسے فوراً فروخت نہ کریں، بلکہ تھوڑا انتظار کریں۔ ان دنوں فاریکس ٹریڈنگ سے متعلق متعدد ایپلی کیشنز سامنے آ چُکی ہیں، جن میں ’’بائنانس‘‘، ’’بِٹ گیٹ‘‘، ’’کیو کوائن‘‘ اور ’’او کے ایکس‘‘وغیرہ شامل ہیں۔ اگر آپ فاریکس ٹریڈنگ کے شعبے میں طبع آزمائی کرنا چاہتے ہیں، تو اس کے لیے آپ کو محنت کے ساتھ ابتدا میں اس شعبے کے کسی ماہر فرد کی زیرِ نگرانی ٹریڈنگ کرنا ہو گی ، تبھی آپ کام یاب ہوں گے، بہ صورتِ دیگرآپ کا سرمایہ ڈوب سکتا ہے۔

فِری لانسنگ

فِری لانسنگ وہ عمل ہے کہ جس میں آپ مقامی و غیر ملکی اداروں اور افراد کو اپنی خدمات فراہم کرتے ہیں اور اپنی مہارت کے اعتبار سے معاوضہ وصول کرتے ہیں۔ فِری لانسنگ ایک ایسی جاب ہے، جس میں آپ خود اپنے باس ہوتے ہیں۔ نیز، آپ کو اپنی سرمایہ کاری ڈوبنے کا خطرہ بھی نہیں ہوتا۔ فِری لانسنگ میں آپ مختلف آن لائن پلیٹ فارمز پر گرافکس ڈیزائننگ، ویب ڈویلپمنٹ، کانٹینٹ رائٹنگ، مارکیٹنگ اور آرٹیفیشل انٹیلی جینس سمیت دیگر خدمات فراہم کر کے پیسا کما سکتے ہیں۔ 

علاوہ ازیں، آپ بہ طور فِری لانسر کسی فرد یا ادارے کے ساتھ شراکت بھی کر سکتے ہیں، جب کہ انفرادی طور پر آپ اپنی خدمات آن لائن پلیٹ فارمز، ’’Upwork‘‘، ’’Freelancer ‘‘ ، ’’Fiverr‘‘ اور’’Guru‘‘ وغیرہ پر بھی دے سکتے ہیں۔ مذکورہ بالا پلیٹ فارمز پر آپ اپنے کام کی نوعیت، قیمت اور دورانیے کا خود تعیّن کر سکتے ہیں، جب کہ کام کا معاوضہ3ڈالرز سے لے کر 50ڈالرز سے زائد تک بھی ہو سکتا ہے۔ 

تاہم، اس کا دارومدار آپ کی اِسکلز کی نوعیت، سابقہ کارکردگی اور کام کے حجم سمیت دیگر عوامل پر ہوتا ہے۔ کسی بھی فِری لانسنگ پلیٹ فارم پر اپنا اکاؤنٹ بناتے وقت آپ کو اپنی اِسکلز اور تجربے کی تفصیلات فراہم کرنا پڑتی ہیں۔ پھر آپ اپنا پروفائل بناتے ہیں اور اپنی اِسکلز، کام کا معاوضہ اور دورانیہ وغیرہ درج کرتے ہیں۔ 

بعد ازاں، جب آپ کوئی پراجیکٹ حاصل کر کے اُسے مکمل کرتے ہیں، تو پھرمذکورہ پلیٹ فارم آپ کی اُجرت میں سے تقریباً 10فی صد اپنی سروسز کے عوض کاٹ لیتا ہے۔ اگر آپ کو فِری لانسنگ سیکھنی ہے، تو digiskills نامی ویب سائٹ سے مفت اور بہ آسانی سیکھ سکتے ہیں۔ تاہم، اس کے لیے آپ کو اس ویب سائٹ پر اپنا انرولمنٹ اور رجسٹریشن کروانی ہو گی۔

ڈیجیٹل مارکیٹنگ

ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے نام ہی سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ آن لائن خرید و فروخت اور خدمات کے تبادلے کا عمل ہے۔ ڈیجیٹل مارکیٹنگ میں ویب ڈیزائننگ، سوشل میڈیا مارکیٹنگ، ای میل مارکیٹنگ، سرچ انجن آپٹمائزیشن (ایس ای او) سمیت دیگر ڈیجیٹل ذرائع استعمال ہوتے ہیں، جن میں آپ اپنی مصنوعات یا خدمات کو نمایاں طور پر پیش کر سکتے ہیں۔ 

عُمدہ ویب ڈیزائننگ کے ذریعے آپ خریدار پر اپنی مصنوعات کا اچھا تاثر چھوڑ سکتے ہیں، جب کہ اچّھی سرچ انجن آپٹمائزیشن کے ذریعے آپ کی ویب سائٹ، سرچنگ کے نتائج میں نمایاں نظر آئے گی اور نتیجتاً آپ اپنے ویب سائٹ کی رینکنگ بڑھا سکتے ہیں تاکہ انٹرنیٹ صارفین آپ کو بہ آسانی تلاش کر سکیں۔ مثال کے طور پر اگر آپ کی ایس ای او اچّھی ہے، تو جب کوئی صارف مصنوعات یا خدمات کی خریداری کے لیے گوگل پر متعلقہ کی ورڈز ٹائپ کرے گا، تو اسے آپ کی ویب سائٹ ابتداء ہی میں یاپہلے پیج پر دکھائی دے گی۔ 

علاوہ ازیں، سوشل میڈیا مارکیٹنگ (جیسا کہ فیس بُک، یوٹیوب، انسٹاگرام اور واٹس ایپ سمیت دوسرے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز) آپ کی مصنوعات و خدمات کی تشہیر کا بہترین ذریعہ ثابت ہو سکتی ہے، جب کہ ای میل مارکیٹنگ میں آپ ای میلز کے ذریعے دیگر افراد اور اداروں کو اشتہارات بھیج سکتے ہیں۔ مزید برآں، آپ ’’PPC‘‘ (Pay Per Click) کے ذریعے بھی اشتہارات دکھا سکتے ہیں، جس میں اشتہار پر ہر کلک کے بدلے آپ کو معاوضہ دیا جاتا ہے۔ 

مذکورہ بالا تمام طریقوں سے آپ ڈیجیٹل ورلڈ میں اپنی مصنوعات یا اِسکلز کی فروخت اور تشہیر بڑھا سکتے ہیں۔ اگر آپ ڈیجیٹل مارکیٹنگ سیکھنے کے خواہش مند ہیں، تو digiskills نامی ویب سائٹ پر اردو زبان میں اس شعبے کے ماہرین کے ذریعے بالکل مفت سیکھ سکتے ہیں۔

ایفیلیئیٹ پروگرامز یا مارکیٹنگ

آپ میں سے بہت سے قارئین مشہور آن لائن شاپنگ ایپ، ’’دراز‘‘ کے ذریعے خریداری کرتے ہوں گے، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ اس پلیٹ فارم پر موجود تمام اشیا ء’’دراز‘‘ کی ملکیت نہیں ہوتیں، بلکہ اس کمپنی نے دیگر کاروباری حلقوں کو اپنا پلیٹ فارم استعمال کرنے کی اجازت دے رکھی ہے، جہاں وہ خریداری کے لیے اپنی مصنوعات پیش کرتے ہیں۔ 

یہ لوگوں کو محض اپنی ضروری اشیاء ایک پلیٹ فارم سے خریدنے کی سہولت فراہم کرتا ہے، جب کہ اس کے علاوہ ’’ایمازون‘‘ اور ’’شوپیفائی‘‘ جیسے پلیٹ فارمز بھی یہی کردار ادا کرتے ہیں۔ ایفیلیئیٹ پروگرامز یا مارکیٹنگ بھی ان جیسے پلیٹ فارمز سے منسلک ہے۔ اس پروگرام میں سب پہلے رجسٹریشن ہوتی ہے اور ذاتی معلومات پر مبنی ایک آن لائن فارم پُر کیا جاتا۔ اگر یہ فارم منظور ہو جائے، تو پھر آپ کو ایک ریفرل لنک بھیجا جاتا ہے۔

اس لنک کا استعمال کرتے ہوئے آپ ان پلیٹ فارمز پر موجود اشیا منتخب کر کے ان کے اشتہارات فیس بُک، واٹس ایپ اور انسٹاگرام جیسے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اَپ لوڈ کرتے ہیں اور ساتھ ہی کمپنی کی طرف سے دیا گیا لنک بھی درج کرتے ہیں۔ اس لنک کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ جو بھی خریدار اس کے ذریعے اشیا ءکی خریداری کرتا ہے، تو آپ کو اس کا دس فی صد کمیشن ملتا ہے۔ 

مثال کے طور پر اگر کوئی شخص آپ کے اشتہار پر موجود لنک پر کلک کر کے ایک ہزار روپے کی خریداری کرے گا، تو آپ کو 100روپے ملیں گے۔ یوں اپنے ایفیلیئیٹ ریفرل لنک کے ساتھ سیکڑوں اشتہارات لگانے سے آپ خاصا کمیشن کما سکتے ہیں۔

فوٹوگرافی اسٹاک

اگر آپ ایک اچّھے فوٹو گرافر ہیں اور اپنے موبائل فون یا کیمرے سے دِیدہ زیب تصاویر کھینچ سکتے ہیں، تو یہ اِسکل آپ کے لیے اضافی آمدنی کا ذریعہ بن سکتی ہے۔ انٹرنیٹ پر بہت سی ایسی ویب سائٹس موجود ہیں کہ جو تصاویر خرید کر انہیں اپنے پلیٹ فارمز پر پیش کرتی ہیں، جہاں سے ہزاروں صارفین انہیں استعمال میں لاتے ہیں۔ 

مثال کے طور پر یہ تصاویر مارکیٹنگ کے مواد، اخبارات و جرائد اور مختلف ویب سائٹس میں استعمال ہوتی ہیں۔ ’’ Shutter Stock‘‘، ’’I Stock‘‘، ’’Pexels ‘‘اور’’ Getty Images‘‘ وغیرہ وہ پلیٹ فارمز ہیں، جن پر اکاؤنٹ بنانے کے بعد آپ اپنی کھینچی ہوئی تصاویر فروخت کر سکتے ہیں۔

تاہم، یہاں یہ اَمر بھی قابلِ ذکر ہے کہ آپ کی اپ لوڈ کردہ تصویر کی منظوری میں کم از کم دو سے تین دن لگ سکتے ہیں اور اگر تصویر مطلوبہ معیار کے مطابق نہ ہوئی، تو اسے مسترد بھی کیا جا سکتا ہے۔ لہٰذا، زیادہ سے زیادہ تصاویر اپ لوڈ کرنے کی کوشش کریں۔ مذکورہ ویب سائٹس پر عموماً ایک تصویر کا ریٹ0.10ڈالر ہوتا ہے۔ تاہم، اس میں کمی بیشی بھی ہو سکتی ہے۔ تو آپ فوراً اپنے موبائل فون پر فضول سرگرمیاں ترک کریں اور فارغ اوقات کو اپنے لیے کار آمد بنائیں۔

یہاں یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ انٹرنیٹ ’’مواقع کی دُنیا‘‘ ہے اور ڈیجیٹل لٹریسی یا مذکورہ بالا مہارتوں سمیت دیگر ڈیجٹیل اِسکلز سیکھنے کے لیے ’’یوٹیوب‘‘ ایک بہت بڑا وسیلہ و ذریعہ ہے، جہاں بہت سارا مفید مواد مفت اور بہ آسانی دست یاب ہے۔ تاہم، آپ نے اپنی محنت اور لگن سے ان معلومات کو خود کو نِت نئی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے استعمال کرنا ہے۔ 

اگر آپ جلد از جلد آمدنی کا کوئی آن لائن ذریعہ حاصل کرنا چاہتے ہیں، تو وقت ضایع کیے بغیر مختلف اِسکلز میں مہارت رکھنے والے افراد کی ویڈیوز کی مدد سے سیکھنا شروع کریں اور دوسروں کو بھی منہگائی کا یہ توڑ بتائیں۔ یوں ان مہارتوں کے حصول سے نہ صرف آپ خود کفیل ہوں گے بلکہ ہمارے پورے معاشرے ہی میں ایک خوش گوار تبدیلی رُونما ہو گی اور اس سے آنے والی نسلوں کو بھی فائدہ ہو گا۔

سنڈے میگزین سے مزید